Tuesday, August 25, 2026 | 10 ربيع الأول 1448
  • News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • مجلس کا25اگست کو عظیم الشان جلسہ ر حمت للعالمین،اگست26 کو کْل ہند نعتیہ مشاعرہ

مجلس کا25اگست کو عظیم الشان جلسہ ر حمت للعالمین،اگست26 کو کْل ہند نعتیہ مشاعرہ

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Aug 24, 2026 IST

مجلس کا25اگست کو عظیم الشان جلسہ ر حمت للعالمین،اگست26 کو کْل ہند نعتیہ مشاعرہ
 دنیا بھر کی طرح حیدرآباد میں بھی جشن رحمت للعالمینﷺ منایا جا رہا ہے۔ ہرسال کی طرح اس سال بھی شمع محمدی کے پروانوں نے شہر کو سجا یا ہے۔ جگہ جگہ، سیرت النبی ﷺ منعقد کئے جا  رہےہیں۔ سیرت کوئز، سیرت ایکسپو، جشن میلاد، محفل سماع، اور زیارت آثار مبارکب کی محفلیں سجائیں جا رہی ہیں۔ جلوس بھی نکالے جا رہےہیں۔ مساجد، گھروں اور گلی اور چوراہوں پر میلاد النبیﷺ کی مبارکباد پر مشتمل پوسٹرز اور بینرز لگائے گئے ہیں۔ زبان پر  اور دل میں سرکار کی آمد مرحبا کے نعرے لگائے جا رہے ہیں۔ مسلمان عشق النبی کی صداوں سے جھوم رہےہیں۔ سب سے بڑا اجتماع دارلسلام میں ہوگا۔

دوروزہ جشن رحمت للعالمین 

کل ہند مجلس اتحاد المسلمین ( اے آئی ایم آئی ایم )کے زیر اہتمام دو روزہ جشن رحمت للعالمین منگل 11 ربیع الاول 25 اگست اور چہارشنبہ 12 ربیع الاول 26 اگست کو دار السلام میں  منعقد کیا جا رہا ہے۔  اس جشن کی  نگرانی صدر کل ہند مجلس اتحاد  المسلمین   اور رکن پارلیمنٹ حیدرآبادبیرسٹر اسدالدین اویسی کر رہےہیں۔ جلسہ کی تمام تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں۔ بارش سے محفوظ رکھنے کےلئے خصوصی شامیانہ لگائے گئےہیں۔ خواتین کےلئے پر دہ کے ساتھ  الگ سے خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ اور ساتھ ہی جلسہ گاہ تک پہنچنے کےلئے  اسپیشل بسیں بھی چلائیں جائیں گیں۔ اس جلسہ کا لائیو منصف ٹی وی  https://www.youtube.com/@Munsif-TV-LIVEپر دیکھا جا سکتا ہے۔

دار السلام میں جلسہ رحمت اللعالمین

منگل 11 ربیع الاول 25 اگست کو بعد نماز عشاء دار السلام میں جلسہ رحمت اللعالمین  منعقد ہوگا۔ اس جلسہ بیرونی مہمان مقرر مولانا مفتی دلشاد احمد قادری شیخ الحدیث جامعہ عالیہ قادریہ بدایوں شریف اتر پردیش کا خصوصی خطاب ہوگا۔ اس جلسہ سے  اکبر الدین اویسی قائد مجلس مقننہ پارٹی ، مولانا مفتی خلیل احمد  امیر جامعہ نظامیہ، مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ سید ضیاء الدین نقشبندی مفتی و نائب شیخ الجامعه جامعه نظامیہ، مولانا سید شاہ ظہیر الدین علی صوفی قادری جانشین حضرت صوفی اعظم، مولانا ڈاکٹر حافظ احسن بن محمد الحمومی خطیب شاہی مسجد ،مولانا ڈاکٹر سید نثارحسین حیدر آغا صدر مجلس علماء و ذاکرین الہند، مولانا سید مسعود حسین مجہتدی صدر مہدویہ اکیڈمی، مولانا مفتی محمد انواراحمد قادری کنٹرولر امتحانات جامعہ نظامیہ، مولانا زهیر بھائی صاحب بدری فرقہ بواہیر کے بھی خطابات ہوں گے۔ جلسہ کا آغاز حافظ و قاری عبد العلی صدیقی امام مکہ مسجد کی قرآت کلام پاک سے ہوگا۔  محمد شفیع قادری،  راشد عبدالرزاق میمن، میروجاہت علی اعظم اور محمد مسلم الدین انصاری نعت پاک کا نذرانہ پیش کریں گے۔

12 ربیع الاول کو کل ہند مشاعرہ 

 دو روزہ جشن رحمت للعالمین پروگرام کے تحت چہار شنبہ 12 ربیع الاول 26 اگست کو بعد نماز عشاء دار السلام میں کل ہند نعتیہ مشاعرہ زیر نگرانی بیرسٹر اسد الدین اویسی صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدر آباد منعقد ہوگا ۔ کل ہند نعتیہ مشاعرہ میں مہمان شعراء  اپنا کلام سنائیں گے۔ مہمان شعرا میں منظربھوپالی، خورشید حیدر، ڈاکٹر ضیا ٹونکی،  وارث وارثی،  دل خیر آبادی،  عظیم دیواسی اور افضل الہ آبادی شامل ہیں۔ ریاستی شعرا میں  انجم برہان پوری محبوب نگر اوراشفاق آصفی نظام آباد شامل ہیں۔ میزبان شعرا میں مولانا خواجہ سید شاہ ابو تراب قادری ڈاکٹر فاروق تشکیل، ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری، مولانا مفتی وجیہ اللہ سبحانی،  سکندر آغائی، قاضی فاروق عارفی، اکبر خان اکبر اورسید سمیع اللہ حسینی شامل ہیں۔ معتمد مشاعرہ کے فرائض سردار سلیم انجام دیں گے۔ مشاعرہ کا آغاز قاری اسماعیل علی خان کی قرات کلام پاک سے ہوگا۔

 خصوصی انتظامات 

خواتین کے لئے پردہ کے ساتھ علحدہ انتظام کیا گیا ہے۔ موسم بارش کے پیش نظر دار السلام کے وسیع و عریض میدان میں جرمن ٹینٹ نصب کیا گیا ہے۔ جرمن شامیانہ پہلے سے زیادہ وسیع پیمانہ پر لگایا گیا ہے تا کہ زیادہ سے زیادہ سامعین کو موسم کی شدت سے محفوظ رکھا جاسکے۔ صدر استقبالیہ جعفر حسین معراج رکن اسمبلی یا قوت پورہ نے شمع محمدی کے پروانوں سے بڑی تعداد میں شرکت کرکے ثواب دارین حاصل کرنے  کی اپیل کی ہے۔ معتمد استقبالیہ  احمد بن عبدالله بلعلہ رکن اسمبلی ملک پیٹ نے شمع محمدی کے پروانوں سے جلسہ و نعتیہ مشاعرہ میں بھاری تعداد میں شرکت کی اپیل کی ہے۔

 دار السلام تک آرٹی سی بسوں کا خصوصی انتظام

  ایم آئی ایم  کے دو روزہ جشن رحمۃ اللعالمین کے سلسلہ میں دونوں شہروں حیدر آباد و سکندر آباد کے مختلف مقامات سے دار السلام تک سامعین کی آمد و رفت کو آسان بنانے کیلئے  آرٹی سی کی خصوصی بسوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ مجلس کی نمائندگی پر یہ خصوصی بسیں چلائی جائیں گی جن پر دار السلام اسپیشل کا بورڈ نصب رہے گا۔ یہ بسیں منگل 25 اگست اور چہار شنبہ 26 اگست کو مختلف مقامات سے 8 بجے روانہ ہوں گی اور دار السلام پہنچیں گی۔ جلسہ و نعتیہ مشاعرہ کے اختتام کے بعد مسافرین کو مقررہ مقامات تک واپس پہنچائیں گی۔ چار مینار، فلک نما، چند رائن گٹہ ، مہدی پٹنم ، بی ڈی ایل، اْپل، صنعت نگر،عنبر پیٹ، کوکٹ پلی، سکندر آباد، بالانگر، راجندر نگر اور دلسکھ نگر سے یہ دار السلام اسپیشل خصوصی بسیں چلائی جائیں گی۔ محبان مجلس سے شمع محمدی کے پروانوں سے ان  بسوں کی اس سہولت سے استفادہ کی اپیل کی ہے۔