اتوار کوحیدرآباد پرانا شہرمیں بونال کی عظیم الشان تقریبات کے لئے اسٹیج تیار کیا گیا ہے، سخت حفاظت کے درمیان مندر کمیٹیوں اور پولیس کے ذریعہ وسیع انتظامات کئے گئے ہیں۔ سیاستدانوں، کھیلوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات، بیوروکریٹس اور فلمی شخصیات سمیت بڑی تعداد میں وی آئی پیز کے مختلف مندروں کا دورہ کرنے اور تہواروں میں شرکت کی توقع ہے۔ حیدرآباد ٹریفک پولیس نے ہفتہ، 8 اگست کو شہر میں جاری بونال فیسٹیول کے پیش نظر 9 اور 10 اگست سے ڈائیورشن، متبادل راستوں اور پارکنگ کی مخصوص جگہوں کا اعلان کیا ہے۔
گلیوں اور مندورں کو سجایا گیا
پرانے شہر کی گلیوں میں، خاص طور پر لال دروازہ، سلطان شاہی، ہری باؤلی، بیلہ اور اپوگوڑا نے تہوار کی شکل اختیار کر لی ہے، مندروں اور گلیوں کو رنگ برنگی روشنیوں اور سجاوٹ سے منور کر دیا گیا ہے۔
مندروں میں عقدیت مندوں کی بھیڑ
لال دروازہ میں سری سمواہنی مہانکالی مندر، ہری باؤلی میں سری اکنا مدنا مہانکالی مندر اور اپوگوڑا میں سری مہانکالی مندر میں عقیدت مندوں کی بڑی بھیڑ متوقع ہے۔ مندر کمیٹیوں نے، پولیس کے ساتھ تال میل میں، بغیر کسی پریشانی کے درشن کی سہولت کے لیے منظم قطاروں کے انتظامات کیے ہیں۔ بونم لے جانے والی خواتین کے لیے الگ قطار کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
مشہور شخصیات کی آمد
مشہور فلمی اداکار وجے دیوراکونڈا اور ان کے اہل خانہ سے سری سمواہنی مہانکالی مندر میں پوجا کرنے کی توقع ہے۔ تلنگانہ کی وزیر انڈو منٹ کونڈا سریکھا اور پسماندہ طبقات کی بہبود کے وزیر پونم پربھاکر تقریباً 10 بجے دیوی مہانکالی کو ریشم کے کپڑے پیش کرنے والی ہیں۔
2ہزار پولیس اہلکار تعینات
تقریباً 2,000 پولیس اہلکار پرانے شہر میں ٹریفک کو منظم کرنے، ہجوم کو منظم کرنے اور تقریبات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تعینات کیے جائیں گے۔ پولیس اہلکاروں کو اہم جنکشن، مندروں اور جلوس کے راستے پر تعینات کیا جائے گا۔
مختلف علاقوں سے جلوس
یہ تہوار پیر کو مختلف مندروں سے روایتی گٹم جلوسوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔ یہ جلوس لال دروازہ، شاہ علی بنڈہ، چارمینار اور پتھر گٹی سے ہوتے ہوئے موسی ندی کے قریب نیاپْل مندر پر اختتام پذیر ہوگا۔
پولیس کی عوام سی اپیل
بڑے ہجوم اور متعدد وی آئی پیز کی شرکت کی توقع کے ساتھ، پولیس اور شہری حکام نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے حفاظتی اور ہجوم کے انتظام کے اقدامات میں اضافہ کر دیا ہے کہ تقریبات پرامن طریقے سے گزریں۔