تلنگانہ کے ٹرانسپورٹ کے وزیر پونم پربھاکر نے کہا کہ پولیس امن و امان برقرار رکھنے کے لیے بے پناہ کوششیں کر رہی ہے۔ بدھ کو حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر سی وی آنند کے ساتھ ساوتھ زون میں کالا پتھر اور چھتری ناکہ ٹریفک پولیس اسٹیشنوں اور شاہ علی بنڈہ پولیس اسٹیشن کا افتتاح کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر پونم نے کہا کہ حکومت ریاست میں پولیس نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بھاری فنڈز مختص کر رہی ہے اور شہر میں امن و امان کو برقرار رکھنے میں پولیس کو کلیدی رول ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بغیر کسی رکاوٹ کے فنڈز کی منظوری دے گی۔
قدیم پولیس کمشنر دفترکی عمارت کا افتتاح
بعد ازاں علاقہ پرانی حویلی میں موجود سابق پولیس کمشنرآفس کی عمارت کا افتتاح کیا گیا۔ عمارت کا مکمل معائنہ کرنے کے بعد وزیر نے پولیس افسران اور عوام کو مبارکباد دی۔ انہوں نے ہر اس شخص کو مبارکباد دی جنہوں نے کوتوال ہاؤس پرانی حویلی کی عمارت کو دوبارہ استعمال میں لانے اور اسے اس کی سابقہ شان میں واپس لانے کے لیے سخت محنت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے پولیس اسٹیشن نے میں مطلوبہ سی سی ٹی وی کیمروں کو بڑھانے کے لیے فنڈز فراہم کیے جا رہے ہیں۔
ہرجمعہ کو پرانی حویلی دفتر میں سٹی پولیس کمشنر
بعد میں سٹی کمشنر سی وی آنند نے یاد دلایا کہ کوتوال ہاؤس کی عمارت پہلے پولیس کمشنر کا دفتر تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں 1920 سے 2002 تک سٹی پولیس ہیڈ کوارٹر کے طور پر کام کیا گیا۔ انہوں نے اس تاریخی عمارت کی بحالی پر سب کو مبارکباد دی۔ انھوں نے بتایاکہ ہفتے میں ایک دن،ہر جمعہ کو حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر پرانی حویلی میں عوام سے ملاقات کریں گے۔ باقی دنوں میں بنجاراہلز روڈ نمبر12 پر واقع دفترمیں رہیں گے۔
پرانا شہر حیدرآباد کا دل:اسد الدین اویسی
صدرمجلس بیرسٹر اسد اویسی نے کہا کہ ہمیں اپنی تاریخ کو کبھی نہیں بھولنا چاہئے۔ قدیم عمارتوں میں تاریخ اور یادیں پوشیدہ رہتی ہیں۔ اس کو بچانا اور نئی نسل میں اسے منتقل کرنا ضروری ہے۔ شہر حیدرآباد کا ایک حصہ پرانا شہر حیدرآباد کا دل ہے۔ اس کو بچانا اور خوبصورت بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔ بیرسٹراویسی نے سردارمحل کی تزئین نو کا کام کو جلد پائے تکمیل پک پہنچانے پر زور دیا ۔ انھوں نے کہا کہ سردار محل ہماری تہذیبی اور ثقافت اور وراثت کا حصہ ہے۔ اس لئے سردار محل کی بحالی ضروری ہے۔ انھوں نے حکومت کواس سلسلہ میں جلد فنڈس جاری کرنے پر زور دیا۔ صدر مجلس نے قدم چوک مارکٹ کی تعمیر جدید، دیوڑھی خورشیدجاہ اور گلزار حوض کی بحالی پر حکومت سے اظہار تشکر کیا۔ قدیم عمارتوں پولیس اسٹینس کےساتھ ساتھ اسکولوں کی تعمیر پر بھی زور دیا ۔ نئے پل کے قریب دو بریجس کی تعمیر کے زیر التوامنصوبہ کو جلد شروع کرنے کی اپیل۔ علاقہ میں بریجس تعمیر ہونے سے ٹریفک جام کا مسئلہ حل ہوگا۔
اس موقع پر صدر کْل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسد الدین اویسی، ایم پی انیل کمار یادو، ایم ایل سی مرزا ریاض الحسن آفندی، ایم ایل سی مرزا رحمت بیگ، ایم ایل اے چارمینارمیر ذوالفقار علی، ایم ایل اے بہادر پورہ مبین، ایڈیشنل سی پی وشوا پرساد، ڈائرکٹر آف ویجیلنس اینڈ انفورسمنٹ اے، آر سری نیواس، جوائنٹ کارپوریشن کے ایم ڈی جویل داویس، ، ایم ڈی سی پی ہوریش رامس اور دیگر موجود تھے۔ ریڈی، اپوروا راؤ، رکشیتا کرشنا مورتی، آر وینکٹیشورلو ڈی سی پی چیتنیا کمار اور دیگر نے پروگرام میں شرکت کی۔