محکمہ موسمیات ہند نے خبردار کیا ہے کہ اس سال شمالی ہندوستان کے میدانی علاقوں، گجرات اور مہاراشٹرا کے ساحلی علاقوں سمیت اطراف کے خطوں میں معمول سے زیادہ گرمی کی لہریں چل سکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ بعض علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کر سکتا ہے، اس لیے عوام کو پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق عموماً اپریل، مئی اور جون کے مہینوں میں شدید گرمی پڑتی ہے، تاہم ہر سال اس کی شدت میں کچھ نہ کچھ فرق رہتا ہے۔ عوام، خصوصاً بزرگوں اور بچوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور خود کو گرمی سے محفوظ رکھیں۔
دوسری جانب ہماچل پردیش میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مختلف علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے کے باعث روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے۔
ماہر موسمیات سندیپ کمار شرما کے مطابق 24 اپریل کے بعد بارش کے امکانات ہیں، جس سے ہماچل پردیش کے لوگوں کو شدید گرمی سے کچھ راحت مل سکتی ہے۔