امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہندوستان کا موازنہ چین اور پاکستان سے کیا ہے۔ ہندوستان کو ان 23 ممالک کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جہاں منشیات کی غیر قانونی پیداوار اور اسمگلنگ عروج پر ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ یہ ممالک غیر قانونی منشیات اور ان کی تیاری میں استعمال ہونے والے کیمیکلز کی تیاری اور اسمگلنگ سے امریکہ اور اس کے شہریوں کی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں۔کانگریس کے سامنے پیش کئے گئے اپنے صدارتی عزم میں ٹرمپ نے کہاکہ انہوں نے 23 ممالک کو منشیات کی غیرقانونی پیداوار اور اسمگلنگ میں اہم کھلاڑی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان ممالک میں افغانستان، بہاماس، بولیویا، میانمار، چین، کولمبیا، کوسٹاریکا، ڈومینیکن ریپبلک، ایکواڈوراور وینزولا شامل ہیں۔وائٹ ہاؤس نے کہا کہ ٹرمپ نے کانگریس کو ان بڑے ممالک کی فہرست پیش کی جو امریکہ میں غیر قانونی منشیات کی سپلائی اور اسمگلنگ کے ذمہ دار ہیں۔
ہندوستان کا مقصد افغانستان میں امن:پی ہریش
اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل مندوب پی ہریش نے افغانستان کے حوالے سے ہندوستان کی ترجیحات کو واضح کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا مقصد افغانستان میں امن، استحکام اور ترقی کو مضبوط بنانا ہے۔ ہریش نے ہندوستان کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ ہندوستان انسانی امداد، صلاحیت سازی اور انسداد دہشت گردی میں فعال طور پر تعاون جاری رکھے گا۔افغانستان میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن کی سربراہ ،روزا اوتن بائیفا کی طرف سے دی گئی حتمی بریفنگ کے دورا ن پی ہریش نے ان کی قیادت اور تعاون کی تعریف کی۔
انہوں نے کہاکہ چونکہ یہ اس عہدے پر ان کی آخری مدت ہے، میں اس ایجنسی کی قیادت کرنے پر اپنے وفد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔ ہم ان کے قریبی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور مستقبل میں ان کے ساتھ اس کو آگے بڑھانے کیلئے پر امید ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ہندوستان اور افغانستان کے درمیان تہذیبی اور تاریخی تعلقات ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان دوستی کو مزید گہرا کرتے ہیں۔ اس کی بنیاد پر ہندوستان ۔افغان عوام کے ساتھ قریبی روابط کو آگے بڑھا رہا ہے۔