سری نگر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرانڈیگو کی ایک پرواز لینڈنگ کے بعد پارکنگ کے دوران ایک کھمبے سے ٹکرا گئی۔ حکام کے مطابق اس واقعے میں کسی مسافر یا عملے کے رکن کو چوٹ نہیں آئی ،یہ پرواز '6E 225' تھی، جو نوی ممبئی سے سری نگر آ رہی تھی۔ واقعہ جمعہ کی صبح تقریباً 9 بج کر 2 منٹ پر پیش آیا، جب طیارہ ایئرپورٹ کے بے نمبر 06 پر کھڑا کیا جا رہا تھا۔ حکام کے مطابق طیارہ ایئرپورٹ کے (VDGS) کے کھمبے سے ٹکرا گیا۔ واقعے کے بعد اس کی وجہ جاننے کے لیے تفصیلی تحقیقات کی ہدایت دے دی گئی ہے۔
تمام مسافر اورعملہ محفوظ
ایئرپورٹ حکام نے بتایا کہ طیارے میں موجود تمام مسافر اور عملے کے ارکان محفوظ ہیں اور کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ مسافروں اور عملے کو دستی سیڑھیوں کی مدد سے طیارے سے بحفاظت باہر نکالا گیا۔ حکام نے کہا کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واقعے کی اصل وجہ سامنے آئے گی۔ تاحال واقعے کی وجہ کے بارے میں کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچا گیا۔
ایئرپورٹ کی پروازیں معمول کے مطابق جاری
حکام کے مطابق اس واقعے کے باوجود سری نگر ایئرپورٹ کا کام معمول کے مطابق چل رہا ہے۔ پروازوں کی آمد اور روانگی شیڈول کے مطابق جاری ہے۔ایئرپورٹ انتظامیہ نے کہا کہ مسافروں اور دیگر متعلقہ افراد کے لیے محفوظ اور بہتر فضائی آپریشن کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
24 گھنٹے میں انڈیگو سے جڑا دوسرا واقعہ
گزشتہ 24 گھنٹوں میں انڈیگو کی پرواز سے متعلق یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے ایک دن پہلے دوحہ سے بنگلورو جانے والی انڈیگو کی پرواز "6E 1302" کو مسقط کی طرف موڑ دیا گیا تھا۔ یہ پرواز "A321" طیارے سے چلائی جا رہی تھی۔ ایئرلائن کے مطابق پرواز کے ایک عملے کے رکن کو فوری طبی امداد کی ضرورت پڑنے کے بعد طیارے کا رخ تبدیل کیا گیا۔
بیمار پائلٹ کی حالت بہتر
انڈیگو نے بتایا کہ متاثرہ عملے کے رکن کو مسقط میں اترنے کے بعد طبی ٹیم نے دیکھا اور اب ان کی حالت بہتر ہے۔ ایئرلائن نے بنگلورو کا سفر مکمل کرنے کے لیے عملے کی نئی ٹیم کے ساتھ ایک متبادل طیارے کا انتظام کیا۔ انڈیگو نے یہ واضح نہیں کیا کہ پائلٹ کو اصل میں کیا طبی مسئلہ پیش آیا تھا۔ ایئرلائن نے کہا کہ اس واقعے کی بھی تحقیقات کی جائیں گی اور اس کے بعد مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔