ہندوستان نے پاکستان پر میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔ پاکستان اور پی او کے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ یہ ہندوستان کی تینوں فوجوں کا مشترکہ آپریشن تھا۔ ہندوستان نے پاکستان میں 9 مقامات پر حملہ کیا۔ جیش اور لشکر کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا۔ ہندوستان نے پی او کے میں مظفرآباد، کوٹلی، گلپور اور بمبر پر حملہ کیاہے۔ اسی دوران پاکستان میں سیالکوٹ، چک امرو، مریدکے اور بہاولپور میں بھی میزائل داغے گئے۔
ہندوستان کے پاکستان میں آپریشن سندنور کے بعد پاکستان نے ایک بار پھر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پونچھ۔راجوری سیکٹر میں توپ خانے سے گولہ باری کی ہے جس کا ہندوستانی فوج کی جانب سے پاکستان کو منہ توڑ جواب دیا جا رہا ہے۔اس دوران اطلاع ہے کہ ہندوستانی فوج کے حملوں میں درجنوں پاکستانیوں کی ہلاکت ہوئی ہے جبکہ چالیس سے زیادہ زخمی بتائے گئے ہیں۔
اسدالدین اویسی کا رد عمل:
ہندوستانی فضائیہ کے ذریعہ سرجیکل اسٹرائیک پر اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسدالدین اویسی نے ایکس پر کہاکہ میں دہشت گردی کے کیمپوں پر ہماری دفاعی افواج کی طرف سے کی گئی سرجیکل اسٹرائیک کا خیرمقدم کرتاہوں۔ اسدالدین اویسی نے کہاکہ پاکستانی ڈیپ اسٹیٹ کو سخت سبق سکھایا جانا چاہئے تاکہ پہلگام جیسا واقعہ دوبارہ نہ ہو۔ حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ نے مزید کہاکہ پاکستان کا دہشت گردی کا بنیادی ڈھانچہ مکمل طورپر تباہ ہونا چاہئے۔
ہندوستان نے پاکستان کو اسی کی زبان میں جواب دیا:سید نصیرالدین
آل انڈیا صوفی سجادگان کونسل کے چیرمین سید نصیرالدین نے پاکستان کے خلاف ہندوستانی فوج کی جانب سے کئی گئی کاروائی کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ میں اس کامیابی کیلئے فوج اور حکومت کو مبارکباد دیتاہوں۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان نے پاکستان کو اسی کی زبان میں جواب دیاہے۔ سید نصیر الدین نے کہاکہ آج ہم نے بتادیا ہے کہ یہ نیا ہندوستان ہے جو لفظوں سے نہیں بلکہ فیصلوں سے جواب دیاجاتاہے۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان نے اس اقدام کے ذریعہ ثابت کردیاہے کہ وہ اب کسی کے آگے جھکنے والا نہیں ہے۔