حج 2026 کی بہتر،محفوظ اور منظم ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے حکومت ہند کی جانب سے ایک اہم اور مثبت قدم اٹھایا گیا ہے۔ بھارت کے وزارتِ اقلیتی امور کے سکریٹری ڈاکٹر چندر شیکھر کمار ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ مملکت سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ہیں۔ انھوں نے سعودی عرب میں حج 2026 کی تیاریوں اور ہندوستانی عازمینِ حج کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
سعودی عرب کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں
اس دورے کے دوران ڈاکٹر چندر شیکھر کمار نے سعودی عرب کے مختلف اہم اداروں کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں، جن میں معاون نائب وزیر صحت، نائب وزیر ٹرانسپورٹ، جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (GACA) کے صدر اور سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (SFDA) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شامل ہیں۔ ان ملاقاتوں کا بنیادی مقصد ہندوستانی حجاج کرام کے لیے سہولتوں کو مزید بہتر بنانا اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی تال میل کو فروغ دینا تھا۔
عازمین حج کی صحت وسلامتی پرخصوصی توجہ
ڈاکٹر کمار نے خاص طور پر ہندوستان سے بھیجی جانے والی ادویات کی بروقت منظوری کا معاملہ بھرپور انداز میں اٹھایا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حج کے دوران ہندوستانی عازمین کی صحت و سلامتی کے لیے ضروری ادویات کی جلد کلیئرنس نہایت اہم ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے حج 2026 کے دوران تعینات کیے جانے والے ہندوستانی میڈیکل ٹیموں کے لیے سعودی حکام سے مسلسل تعاون، رہنمائی اور سہولتوں کی فراہمی کی درخواست کی۔
عازمین کے فضائی سفر بھی تفصیلی تبادلہ خیال
ہندوستانی حجاج کی آمد و رفت کے سلسلے میں ہوابازی کے شعبے پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر کمار نے سعودی ہوابازی حکام کے ساتھ پروازوں کے لیے جلد از جلد سلاٹس کی الاٹمنٹ اور مؤثر رابطہ کاری پر زور دیا۔ حج 2026 کے دوران پانچ ایئرلائنز — سعودیہ ایئرلائنز، فلائی ادیل، فلائناس، ایئر انڈیا ایکسپریس اور آکاسا ایئر — ہندوستانی حجاج کو لے جانے کی ذمہ داری نبھائیں گی۔ اس حوالے سے وقت کی پابندی، پروازوں کی سہولت اور ہموار آپریشن کو یقینی بنانے پر خصوصی گفتگو ہوئی۔
تعاون اور مثبت رویے پراظہار تشکر
ڈاکٹر چندر شیکھر کمار نے سعودی حکومت اور اداروں کی جانب سے ہندوستانی حجاج کے لیے مسلسل تعاون اور مثبت رویے پر دلی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور بھارت کے درمیان قریبی ہم آہنگی ہی اس بات کی ضمانت ہے کہ حج کا عظیم فریضہ ہندوستانی عازمین آسانی، سلامتی اور اطمینان کے ساتھ ادا کر سکیں۔
دونوں ممالک میں تعلقات مزید مضبوط
یہ دورہ نہ صرف حج 2026 کی تیاریوں کے لیے اہم ثابت ہوگا بلکہ دونوں ممالک کے درمیان مذہبی، انتظامی اور انسانی سطح پر تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں بھی معاون ہوگا۔ ہندوستانی حجاج کے لیے بہتر طبی سہولتیں، محفوظ سفر، معیاری خوراک اور منظم انتظامات حکومتِ ہند کی اولین ترجیح ہیں، اور اس سمت میں یہ دورہ ایک مثبت اور امید افزا پیش رفت ہے۔
روحانی سفرکوآرام دہ بنانے کی کوشش
حج جیسے عظیم روحانی سفر کے لیے ایسی سنجیدہ اور بروقت کوششیں لاکھوں ہندوستانی مسلمانوں کے لیے یقیناً خوشخبری ہیں، جو مستقبل میں ایک محفوظ، آرام دہ اور یادگار حج کے منتظر ہیں۔