Tuesday, January 27, 2026 | 08, 1447 شعبان
  • News
  • »
  • صحت
  • »
  • بانجھ پن کی وجوہات اور علاج۔ بے اولاد جوڑوں کے لئے اچھی خبر

بانجھ پن کی وجوہات اور علاج۔ بے اولاد جوڑوں کے لئے اچھی خبر

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jan 26, 2026 IST

بانجھ پن  کی وجوہات اور علاج۔ بے اولاد جوڑوں کے لئے اچھی خبر
انفرٹیلٹی،یا بانجھ پن ایک حساس مگر اہم مسئلہ جس سے نہ صرف خواتین بلکہ مرد بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ ڈاکٹرنوید سراج، کنسلٹنٹ اوبسٹٹریشین، گائناکولوجسٹ اور انفرٹیلٹی اسپیشلسٹ، نے انفرٹیلٹی کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کیں۔

 بانجھ پن کیا ہے؟

ڈاکٹرنوید سراج نے بتایا کہ انفرٹیلٹی کی تعریف اس وقت کی جاتی ہے جب ایک جوڑا ایک سال تک صحت مند تعلقات کے باوجود  اولاد کی نعمت سے محروم ہوتا ہے ۔ اگرعمر 30 سال سے زائد ہو تو یہ مدت چھ ماہ تک کم کی جا سکتی ہے۔ 

 بانجھ کیا صرف خواتین ہوتی ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ عام تاثر کے برخلاف انفرٹیلٹی صرف خواتین کا مسئلہ نہیں بلکہ مرد اور عورت دونوں کے وجوہات میں برابر کا حصہ رکھتے ہیں۔ 40 فیصد وجوہات خواتین میں، 40 فیصد مرد میں اور 20 فیصد ایسے ہوتے ہیں جنہیں کسی طبی وجہ کے بغیر بھی حمل میں دشواری ہوتی ہے، جسے ایڈی اوپیتھک انفرٹیلٹی کہتے ہیں۔
 

خواتین میں بانجھ پن کی وجوہات؟

ڈاکٹر نے خواتین میں عام وجوہات کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ اووری، ٹوبز اور یوٹیرائن مسائل، ہارمونل عدم توازن اور پی سی او ایس سب سے زیادہ عام ہیں۔ پی سی او ایس میں اووولیشن درست نہیں ہوتی، جس کی وجہ سے حمل نہیں ٹھہرتا۔ اسی طرح ٹوبز کے بلاک ہونے کی وجہ انفیکشن، پی آئی ڈی یا ٹی بی بھی ہو سکتی ہے۔ اینڈومیٹریوسیس بھی ایک ایسی بیماری ہے جس میں بچہ دانی کی لائننگ غیر مناسب جگہ پر بڑھ جاتی ہے، جس سے درد اور حمل میں دشواری پیدا ہوتی ہے۔

انفرٹیلٹی بانجھ پن کا علاج ممکن 

ڈاکٹر نوید سراج نے بتایا کہ انفرٹیلٹی کا علاج ممکن ہے اور یہ مختلف عوامل پر منحصر ہوتا ہے۔ ابتدائی علاج میں وزن کم کرنا، متوازن غذا، ورزش اور ہارمونل تھراپی شامل ہیں۔ آئی یو آئی (انٹرا یوٹیرین انسیمنیشن) اور آئی وی ایف (ان وٹرو فرٹیلائزیشن) جدید ٹیکنالوجی ہیں جو مخصوص حالات میں کامیاب ہوتی ہیں۔ آئی یو آئی ایسے مریضوں کے لیے ہے جن کی اووولیشن اور سپرم کوالٹی مناسب ہو، جبکہ آئی وی ایف ان مریضوں کے لیے بہتر ہے جن میں عمر زیادہ ہو یا ٹوبز اور دیگر پیچیدگیاں ہوں۔

انفرٹیلٹی یا بانجھ پن کمزوری نہیں طبی مسئلہ ہے

ڈاکٹر یہ پیغام دیا کہ انفرٹیلٹی کسی کی کمزوری نہیں، بلکہ ایک طبی مسئلہ ہے جسے صبر اور مناسب علاج سے حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جوڑے کے لیے فیملی سپورٹ اور تحمل بھی بہت اہم ہے۔ مزید یہ کہ طرزِ زندگی میں بہتری، اسٹرس کم کرنا، اور مثبت ماحول میں رہنا بھی حمل کے امکانات بڑھاتا ہے۔

بےاولاد جوڑوں کو مشورہ؟

آخرمیں ڈاکٹر نوید سراج نے کہا کہ نئے جوڑے، خاص طور پر وہ جو پہلی بار بچے کے خواہش مند ہیں، انہیں پریشانی سے گزرنے کی ضرورت نہیں، بلکہ صبر، تعاون اور ڈاکٹر کی رہنمائی سے وہ اولد کی نعمت حاصل کرسکتے ہیں۔ انفرٹیلٹی ایک قابل علاج مسئلہ ہے، جس پر بات کرنا شرم کی بات نہیں بلکہ یہ ضروری ہے۔