خلیج میں نئی کشیدگی کے آغاز کے بعد سے امریکی حملوں میں ایران میں کم از کم 50 افراد ہلاک اور 500 زخمی ہو چکے ہیں۔تہران کی وزارت صحت کے ترجمان، حسین کرمان پور نے ایکس پر یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 12 شہری ہلاک ہوئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق 460 زخمیوں کو ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے جبکہ 37 افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ایران نے امریکہ پر بار بار وعد ہ خلافی کرنے کا الزام لگایا ہے۔ اور امریکہ سے کئے گئے حالیہ مفاہمتی یاد داشت کو معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وعدوں کی بار بار خلاف وزری
ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے ہفتے کے روز امریکی صدر کے دستخط کو 'بے فائدہ' قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے صدور کے درمیان طے پانے والے مفاہمت کی یادداشت سے متعلق وعدوں کی بار بار خلاف ورزی نے سب پر ثابت کر دیا ہے، ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) کی خبر رساں ایجنسی سپاہ نے رپورٹ کیا۔
ایران نے کیا امریکہ سے معاہدہ معطل کرنے کا اعلان
ایران نے امریکہ سے معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے ہفتے کے روز کہا کہ امریکہ کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی کے بعد تہران نے حالیہ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے تحت اپنی ذمہ داریاں معطل کر دی ہیں۔تکنیکی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ کاظم غریب آبادی نے کہا امریکہ نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کےتحت وعدوں کی خلاف ورزی کی، ایران نے بھی تمام وعدوں پر عمل درآمد روک دیا۔ایران نے امریکہ پر الزام لگایا ہے کہ وہ ایک ایسے معاہدے کو نظر انداز کرتے ہوئے آبنائے ہرمز پر کنٹرول حاصل کرنا چاہتا ہے۔
ایران پر امریکہ کےمسلسل آٹھویں رات حملے
امریکی فوج نے ایران پر مسلسل آٹھویں رات فضائی کارروائی کی ہے، امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کی ہدایت پر ایران پر نئے فضائی حملے شروع کیے گئے ہیں۔امریکی فوج نے کہا کہ ایران کے پاسداران انقلاب کو اردن میں امریکی فوج پر حملوں کی فوری سزا دیں گے، ایران پر امریکی حملوں کا مقصد آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی کا تحفظ ہے، اور اس کی عسکری صلاحیت کو کمزور کرنا ہے۔
اردن پر ایرانی حملوں میں 2 امریکی فوجی ہلاک،1 لاپتہ
امریکی سینٹرل کمانڈ نے تصدیق کی ہے کہ 17 جولائی کو اردن میں ایرانی حملوں میں 2 امریکی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔ سینٹکام کے مطابق ایرانی حملوں کے خلاف دفاعی کاروائی کے دوران ایک امریکی اہلکار لاپتہ ہے۔ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے کہا فوجیوں کی قربانی ہمارے عزم کو مزید پختہ کرتی ہے۔
اردن، بحرین، اور کویت میں امریکہ اڈوں پرحملے
ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق تازہ ترین امریکی حملوں میں تین افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہوئے۔آئی آر جی سی نے ہفتے کے روز کہا کہ اس نے کویت میں الاحمدی پورٹ پر امریکی بحریہ کے ایندھن کی مدد کے گھاٹ کے ساتھ ساتھ بحرین میں شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر امریکی جنگی طیاروں کی جگہ کو نشانہ بنایا۔ہفتے کے روز مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، اردن کے فضائی دفاعی نظام نے ایرانی میزائلوں کو مار گرایا، بحرین نے کئی ایرانی فضائی حملوں کو روکا، اور کویت نے کہا کہ ایرانی حملے کے بعد بجلی اور پانی صاف کرنے کے پلانٹ میں آگ لگ گئی۔
ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق، آئی اار جی سی نے یہ بھی کہا کہ امریکی افواج کی میزبانی کرنے والے ممالک کو "مساوی ردعمل" کی توقع کرنی چاہیے اگر ان کی سرزمین ایران پر حملوں کے لیے استعمال ہوتی ہے۔