جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں ہونے والے طلبہ یونین انتخابات کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق انتخابی کمیٹی نے یہ فیصلہ یونیورسٹی کیمپس میں جاری کشیدگی اور انتخابی دفتر پر حملے کے واقعات کے پیش نظر لیا ہے۔یہ انتخابات 25 اپریل کو منعقد ہونے والے تھے اور اس کی تیاریاں آخری مراحل میں تھیں، مگر پچھلے دو دنوں میں نامزدگیوں کی واپسی کے دوران متعدد بار انتخابی کمیٹی کے دفتر میں ہنگامہ اور توڑ پھوڑ کی گئی۔
انتخابی کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جب تک طلبہ تنظیمیں اور انتظامیہ انتخابی عملے کی حفاظت یقینی نہیں بنائیں گے۔تب تک امیدواروں کی حتمی فہرست سمیت مکمل انتخابی عمل کو معطل کیا جا رہا ہے۔یاد رہے کہ انتخابات کے لیے اسکول کاؤنسلر کی 250 اور مرکزی پینل کے 165 نامزدگیاں داخل کی جا چکی تھیں۔ ساتھ ہی بتا دیں کہ گزشتہ کچھ دنوں سے جے این یو کیمپس میں انتخابی ماحول میں تناؤ بڑھ گیا ہے۔ انتخابات کے دوران بڑھتے ہوئے تنازعات اور سیکورٹی کے مسائل طلباء اور عملے کے درمیان اختلافات کا باعث بنے ہیں۔ اس کے نتیجے میں تشدد اور توڑ پھوڑ کے کئی واقعات پیش آئے جس کے باعث یونیورسٹی انتظامیہ کو یہ قدم اٹھانا پڑا۔
طلبہ تنظیموں اور انتظامیہ کے درمیان بات چیت جاری :
الیکشن کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ جب تک حالات معمول پر نہیں آتے حتمی امیدواروں کی فہرست جاری نہیں کی جائے گی اور نہ ہی کوئی اور انتخابی عمل آگے بڑھایا جائے گا۔ سیکیورٹی کے حوالے سے یونیورسٹی انتظامیہ اور طلبہ تنظیموں کے درمیان بات چیت جاری ہے تاہم ابھی تک کوئی ٹھوس حل نہیں نکل سکا ہے۔دریں اثنا طلبہ تنظیموں اور طلبہ رہنماؤں نے اسے طلبہ جمہوریت کی توہین قرار دیتے ہوئے انتظامیہ سے جلد از جلد انتخابی عمل کو دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔