جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے پہلگام دہشت گردانہ عمل کے جواب میں بھارت کی طرف سے فوجی کارروائی پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعیۃ علماء ہند ملک کی خودمختاری، سالمیت اور دفاع کے مسئلے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرسکتی۔ اگر پاکستان کی جانب سے کوئی جنگ مسلط کی جاتی ہے تو ہم واضح اور دوٹوک الفاظ میں یہ اعلان کرتے ہیں کہ پورا ملک، تمام مذاہب کے لوگ اور بالخصوص مسلمان، اپنی فوج کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔
’’ہندستان ہمارا وطن ہے، اس کا دفاع ہماری قومی اورآئینی ذمہ داری ہے۔ جمعیۃ علماء ہند نے ہمیشہ حب الوطنی، امن اور اتحاد کا پیغام دیا ہے اور آج جب کہ ہماری سرحدوں پر خطرہ منڈلا رہا ہے، ہم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا اعلان کرتے ہیں۔‘‘
مولانا مدنی نے کہا کہ ہم ہر سطح پر قوم میں اتحاد، صبر اور قربانی کے جذبہ کو فروغ دیں گے۔ ہم حکومت ہند سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ دشمن کے ہر جارحانہ اقدام کا منہ توڑ جواب دے۔ہم دشمنوں کو یہ واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہندستان ایک متحد قوم کی طرح ہر قیمت پر اپنے وطن کا دفاع کرے گا۔
واضح رہے کہ ہندوستان نے پاکستان پر میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔ پاکستان اور پی او کے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ یہ ہندوستان کی تینوں فوجوں کا مشترکہ آپریشن تھا۔ ہندوستان نے پاکستان میں 9 مقامات پر حملہ کیا۔ جیش اور لشکر کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا۔ ہندوستان نے پی او کے میں مظفرآباد، کوٹلی، گلپور اور بمبر پر حملہ کیاہے۔ اسی دوران پاکستان میں سیالکوٹ، چک امرو، مریدکے اور بہاولپور میں بھی میزائل داغے گئے۔