نئی دہلی: 29 مارچ جمعیۃ علماء ہند کا ایک وفد، ناظمِ عمومی مولانا محمد حکیم الدین قاسمی کی سربراہی میں، شاہی جامع مسجد دہلی پہنچا، جہاں انہوں نے شاہی امامِ مولانا سید احمد بخاری سے ملاقات کر کے ان کی والدہ محترمہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور دلی تعزیت پیش کی۔
اس موقع پر وفد نے صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی کی جانب سے بھی تعزیتی کلمات پہنچائے۔ مولانا مدنی جو دہلی سے باہر ہیں ۔ انھوں نے اپنے پیغام میں کہا:والدین کا سایہ اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے، ان کی جدائی ایک ایسا صدمہ ہے جس کا کوئی نعم البدل نہیں۔ ہم اس غم کی گھڑی میں مولانا سید احمد بخاری، سید طارق بخاری، سید یحی بخا ری اور سید حسن بخاری اور ان کے دیگر اہلِ خانہ کے ساتھ برابر کے شریک ہیں، اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ مرحومہ کی مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔
ملاقات کے دوران مولانا سید احمد بخاری نے بتایا کہ ان کی والدہ کی عمر 95 برس تھی اور وہ الحمدللہ آخری وقت تک صحت مند تھیں۔وفد نے مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے اہلِ خانہ کے ساتھ اپنی مکمل ہمدردی اور خیرخواہی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر نائب امام مولانا شعبان سے بھی ملاقات ہوئی اور ان سے بھی تعزیت کا اظہار کیا گیا۔
جمعیۃ علماء ہند کے اس وفد میں مولانا محمد عظیم اللہ صدیقی (سیکرٹری جمعیۃ علماء ہند)، سینئر آرگنائزر مولانا ضیاء اللہ قاسمی، ناظم جمعیت علماء ضلع نئی دہلی جناب اسد میاں، آرگنائزر جمعیت علماء ہند مفتی حسان قاسمی سمیت دیگر ذمہ داران شامل تھے۔