• News
  • »
  • سیاست
  • »
  • مغربی بنگال انتخابات: کانگریس نے جاری کی امیدواروں کی فہرست ،ممتا بنرجی کے خلاف پردیپ پرساد

مغربی بنگال انتخابات: کانگریس نے جاری کی امیدواروں کی فہرست ،ممتا بنرجی کے خلاف پردیپ پرساد

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Alam | Last Updated: Mar 29, 2026 IST

مغربی بنگال انتخابات: کانگریس نے  جاری کی امیدواروں کی فہرست ،ممتا بنرجی کے خلاف پردیپ پرساد
کانگریس پارٹی نے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کی فہرست جاری کر دی ہے۔ پارٹی نے ریاست کی کل 294 سیٹوں میں سے 284 کے لیے امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ دہلی میں پارٹی کی مرکزی الیکشن کمیٹی (CEC) کی میٹنگ کے بعد ہفتہ کو امیدواروں کی حتمی فہرست کو منظوری دی گئی۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، سابق صدر راہل گاندھی، جنرل سکریٹری کے سی۔ وینوگوپال اور مغربی بنگال کے کئی لیڈروں نے میٹنگ میں شرکت کی۔
 
ادھیر رنجن چودھری بہرام پور سے الیکشن لڑیں گے:
 
کانگریس نے بہرام پور اسمبلی سیٹ کے لیے سینئر لیڈر ادھیر رنجن چودھری کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ اسی طرح مالتی پور اسمبلی حلقہ سے موسم نور کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ پارٹی نے پردیپ پرساد کو ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے سربراہ اور وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے خلاف بھبانی پور سیٹ کے لیے میدان میں اتارا ہے۔ انامیکا رائے کو ہمت آباد، محمد عمران علی کو جنگی پور، دیویندرناتھ کو تفن گنج اور ہریہر رائے کو دنہاٹا کے لیے امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔
 
جائزہ کے بعد امیدواروں کا انتخاب:
 
سی ای سی کی میٹنگ کے بعد کانگریس لیڈر غلام احمد میر نے کہا کہ امیدواروں کا انتخاب جائزہ اور مشاورت کے بعد کیا گیا تاکہ مضبوط انتخابی حکمت عملی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا، "294 نشستوں کے لیے تقریباً 2500 درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ جائزہ کے عمل کے بعد، ان معاملات پر بات چیت کے لیے آج سی ای سی کا اجلاس ہوا، ہمارے امیدوار تمام 294 نشستوں پر الیکشن لڑیں گے، اور ہم بھرپور طریقے سے انتخابی مہم چلائیں گے۔
 
مغربی بنگال میں انتخابات کب ہوں گے؟
 
مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ دو مرحلوں میں ہوگی۔ پہلے مرحلے کی ووٹنگ 23 اپریل اور دوسرے مرحلے کی پولنگ 29 اپریل کو ہوگی۔ اس کے بعد انتخابی نتائج کا اعلان 4 مئی کو کیا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ کانگریس اور انکے اتحادی سی پی آئی (ایم)2021 کے اسمبلی انتخابات کے دوران مغربی بنگال میں ایک بھی نشست حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی۔ ایسے میں اس بار کانگریس پر اپنی ساکھ مضبوط کرنے کا دباؤ ہوگا۔