• News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • جموں و کشمیر میں فل ڈریس ریہرسل اور ترنگا ریلیوں کے ساتھ یوم آزادی کی تیاریاں

جموں و کشمیر میں فل ڈریس ریہرسل اور ترنگا ریلیوں کے ساتھ یوم آزادی کی تیاریاں

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Aug 13, 2026 IST

جموں و کشمیر میں فل ڈریس ریہرسل اور ترنگا ریلیوں کے ساتھ یوم آزادی کی تیاریاں
 جموں وکشمیر میں یوم آزای کی تیاریاں جوش وخروش سے جاری ہیں۔ جموں و کشمیرحب الوطنی کے گیت سنائی دے رہےہیں۔ اور پر جگہ ترنگا ریلیاں نکالی گئیں۔ بخشی اسٹیڈیم سری نگر میں جمعرات کو  فل ڈریس ریہرسل کا اہتمام کیا گیا۔ جہاں ڈویژنل کمشنر کشمیر انشول گرگ نے پریڈ کا معائنہ کیا، سلامی لی اور قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر آئی جی پی کشمیر وی کے بردی بھی موجود تھے۔ تقریب میں اسکول کے طلبا، پولیس، سی آر پی ایف اور دیگر دستوں نے پریڈ میں حصہ لیا اور مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ محکمہ انفارمیشن اور ایکڈیمی آف آرٹس کلچر اینڈ لینگویجز نے باہم اشتراک سے رنگا رنگ پروگرام کر کے شائقین کا دل جیت لیا۔ ان تیاریوں کا مقصد آنے والے یومِ آزادی کے دن کی تقریبات کو شاندار طریقے سے انجام دینا ہے، جن میں سیکورٹی اور انتظامات کو حتمی شکل دینے شامل ہے۔

لا چوک پر ترنگا ریلی کا انعقاد 

 بھارتیہ جنتا پارٹی کی کشمیر یونٹ کی طرف سے ترنگا یاترا کے سلسلے میں آج لال چوک حلقہ انتخاب میں ایک بڑی ترنگا ریلی نکالی گئی۔ اس ریلی کی قیادت بی جے پی کے جنرل سکریٹری اشوک کول نے کی، جبکہ پارٹی کے دیگر سینئر رہنماؤں نے بھی اس میں بھرپور شرکت کی۔ یہ ریلی شہر کے مرکزی مقام گھنٹہ گھر پر اختتام پذیر ہوئی۔

دراس میں 80ویں یوم آزادی کا ریہرسل 

دراس کے گوشن ہارس پولو گراؤنڈ میں 80ویں یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں فل ڈریس ریہرسل منعقد ہوئی، جہاں ایس ڈی ایم دراس وشال اتری نے قومی پرچم لہرایا اور قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ریہرسل میں دراس کے 16 اسکولوں کے طلبہ، پولیس اہلکاروں اور جی ڈی سی دراس کے این سی سی کیڈٹس نے مارچ پاسٹ اور ڈرل میں حصہ لیا، جبکہ تقریب کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔

 پنچن پاتھری میں پہلی بار ترنگا ریلی

جشنِ آزادی کی مناسبت سے ڈی ایچ پورہ کے دور دراز علاقے پنچن پاتھری میں پہلی بار ترنگا ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر کولگام شہزاد عالم اور ایس ڈی ایم نور آباد بشیر الحسن نے کی۔ اس تقریب میں مقامی لوگوں اور طلباء نے بڑی تعداد میں قومی پرچم اٹھا کر پرجوش شرکت کی اور حب الوطنی کا مظاہرہ کیا۔

ایل او سی کےقریب ترنگا ریلی

بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے قریب اکھنور کے بٹل گاؤں میں ترنگا ریلی نکالی، جس میں درجنوں بچوں اور فوجی جوانوں نے شرکت کی۔ریلی کے دوران شرکا نے قومی پرچم لہرایا اور ’’بھارت ماتا کی جئے‘‘ کے نعرے لگائے، جس سے علاقہ حب الوطنی کے نعروں سے گونج اٹھا۔ بھارتی فوج کے مطابق، تقریب کا مقصد بچوں میں قومی پرچم کے احترام، حب الوطنی اور ملک کے تئیں ذمہ داری کا جذبہ اجاگر کرنا تھا۔

سی آر پی ایف کی میگا ترنگا ریلی

جنوبی کشمیر کے لیتہ پورہ، اونتی پورہ میں سی آر پی ایف کی 110 بٹالین نے میگا ترنگا ریلی کا انعقاد کیا، جس کی قیادت سی او بی آر مینا اور اے ڈی سی مشتاق احمد لون نے کی۔ریلی لیتہ پورہ سے شروع ہو کر پانپور میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں سی آر پی ایف اہلکاروں کے علاوہ طلبہ اور عام لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شرکاء نے قومی ترانہ اور حب الوطنی کے گیت پیش کیے، جبکہ افسران نے آزادی کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے مجاہدینِ آزادی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

قاضی گنڈ میں ’ہر گھر ترنگا‘ 

قاضی گنڈ میں ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کے تحت بی جے پی مہیلا مورچہ کی نائب صدر رمیسہ رفیق وانی نے تقریباً 100 فٹ کی بلندی پر قومی پرچم لہرایا۔رمیسہ رفیق نے جے سی بی کرین کے ذریعے بلندی پر پہنچ کر ترنگا لہرایا، جسے موقع پر موجود لوگوں نے جوش و جذبے کے ساتھ دیکھا۔تقریب کا مقصد قومی پرچم کے احترام کو اجاگر کرنے اور عوام کو ’ہر گھر ترنگا‘ مہم میں بھرپور شرکت کی ترغیب دینا تھا۔

راجپورہ سے اسپورٹس اسٹیڈیم ریلی 

 گورنمنٹ ڈگری کالج راجپورہ سے اسپورٹس اسٹیڈیم راجپورہ تک ایک عظیم الشان ترنگا ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں تحصیلدار،بلاک ڈیولپمینٹ آفیسر شادی مرگ ۔ پرنسپل ڈگری کالج راجپورہ۔ ایس ایچ او، راجپورہ کے ساتھ دیگر سرکاری  ملازمین ، طلبہ، نوجوانوں اور مقامی لوگوں نے جوش و خروش سے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم تھام کر حب الوطنی کے نعرے بلند کیے اور اتحاد و یکجہتی کے جذبے کا شاندار مظاہرہ کیا۔ بلاک اچھ گوزہ، راجپورہ میں ایک عظیم الشان ترنگا ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ، نوجوانوں اور مقامی لوگوں نے جوش و خروش سے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم تھام کر حب الوطنی کے گیت گائے اور اتحاد و یکجہتی کے جذبے کا شاندار مظاہرہ کیا۔ ریلی کی قیادت بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر شادی مرگ، محمد اشرف میر نے کی۔

 بارہمولہ: شوکت علی اسپورٹس اسٹیڈیم میں ریہر سل 

بارہمولہ کے شوکت علی اسپورٹس اسٹیڈیم میں یومِ آزادی 2026 کی مرکزی تقریب کی تیاریوں کے سلسلے میں فل ڈریس ریہرسل کا انعقاد کیا گیا۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر بارہمولہ پرانجل جے ہزاری نے قومی پرچم لہرایا، مارچ پاسٹ کا معائنہ کیا اور پریڈ کی سلامی لی۔ریہرسل میں بی ایس ایف، جموں و کشمیر پولیس، ایس ایس بی، ہوم گارڈز اور جموں و کشمیر پولیس بینڈ کے دستوں نے حصہ لیا۔

ترنگا بائیک ریلی

یومِ آزادی کی تقریبات سے قبل جھنگڑ بٹالین نے سول انتظامیہ نوشہرہ کے تعاون سے ’’ہر گھر ترنگا‘‘ مہم کے تحت ترنگا بائیک ریلی نکالی۔ ریلی میں فوجی اہلکاروں، سول انتظامیہ، طلبہ اور مقامی لوگوں نے شرکت کی، جبکہ اے ڈی سی نوشہرہ ڈاکٹر پریتم لال تھاپا سمیت دیگر افسران نے ریلی کو روانہ کیا۔HSS کلسیان اسکول سے بریگیڈیئر عثمان میموریل جھنگڑ تک نکالی گئی ریلی کا مقصد حب الوطنی، قومی یکجہتی اور نوجوانوں میں قومی ذمہ داری کا جذبہ اجاگر کرنا تھا۔

نوشہرہ میں ترنگا ریلی نکالی

یومِ آزادی کی مناسبت سے بی جے پی کارکنوں نے نوشہرہ میں ترنگا ریلی نکالی، جس میں بڑی تعداد میں کارکنوں اور مقامی لوگوں نے شرکت کی۔ریلی بی جے پی دفتر سے شروع ہو کر مرکزی بازار سے گزری، جبکہ کالاکوٹ، سندربنی کے ایم ایل اے رندھیر سنگھ نے بھی شرکت کرکے کارکنوں کی حوصلہ افزائی کی۔شرکاء نے ترنگے لہراتے ہوئے ’’بھارت ماتا کی جئے‘‘ کے نعرے لگائے اور قومی اتحاد، سالمیت و بھائی چارے کے ساتھ یومِ آزادی منانے کا پیغام دیا۔

گارندربل کنگن میں ترنگا ریلی

گاندربل کے کنگن میں میگا ترنگا ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں افسران، اہلکاروں، طلبہ و طالبات اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ ریلی گورنمنٹ ڈگری کالج کنگن سے شروع ہو کر بوائز ہائر سیکنڈری اسکول کنگن میں اختتام پذیر ہوئی، شرکاء نے ترنگے لہراتے ہوئے حب الوطنی کے نعرے بلند کیے۔ ریلی کا مقصد عوام بالخصوص نوجوانوں میں قومی یکجہتی، حب الوطنی اور قومی پرچم کے احترام کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔

اننت ناگ،پہلگام میں  ترنگا ریلی

یومِ آزادی کے سلسلے میں اننت ناگ کے پہلگام میں ایس ڈی ایم کی سربراہی میں ترنگا ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ریلی میں پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ملازمین، مقامی باشندوں اور اسکولی طلبہ و طالبات نے قومی پرچم تھام کر حب الوطنی کا اظہار کیا۔اس موقع پر ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کے تحت عوامی بیداری اور نوجوانوں میں قومی یکجہتی، حب الوطنی و قومی ذمہ داری کا جذبہ اجاگر کرنے پر زور دیا گیا۔

 کپواڑہ میں فل ڈریس ریہرسل 

یومِ آزادی کے سلسلے میں آج ڈسٹرکٹ پولیس لائنز کپوارہ میں فل ڈریس ریہرسل کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر اے ڈی سی کپوارہ  گلزار احمدنے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔ پریڈ میں جموں و کشمیر پولیس، این سی سی کیڈٹس، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، محکمہ جنگلات، فاریسٹ پروٹیکشن فورس، ایس پی اوز اور مختلف اسکولوں کے طلبہ نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ پریڈ کی قیادت  ڈی ایس پی گلزار رشید  نے کی۔ طلبہ نے اس موقع پر مختلف ثقافتی پروگرام بھی پیش کیے۔ 

راجوری  میں  بھی ریہرسل 

یومِ آزادی کے موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس لائنز راجوری میں فل ڈریس ریہرسل منعقد ہوئی، جہاں اے ڈی سی راجوری روی کمار سہگ نے پریڈ کی سلامی لی اور مارچ پاسٹ کا معائنہ کیا۔اس موقع پر اے ایس پی راجوری وکرم کمار سمیت مختلف سرکاری محکموں کے ضلعی افسران بھی موجود تھے۔

ڈسٹرکٹ اسپورٹس اسٹیڈیم ریہر سل 

کٹھوعہ میں یومِ آزادی کی مرکزی تقریب کی تیاریوں کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ اسپورٹس اسٹیڈیم میں فل ڈریس ریہرسل کا انعقاد کیا گیا، جہاں ڈپٹی کمشنر نے قومی پرچم لہرایا اور سلامی لی۔ ریہرسل کے دوران مختلف دستوں نے مارچ پاسٹ کیا اور یومِ آزادی کی تقریبات کی تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی۔

 زینہ پورہ میں بی جےپی کی ریلی

زینہ پورہ میں بھی آج بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے ترنگا ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت سینئر لیڈر رئیس ڈار نے کی۔ اس موقع پر پارٹی کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ ریلی کے دوران حب الوطنی کے گیت گائے گئے اور شرکاء نے ترنگا لہرایا۔ وہیں بی جے پی کی جانب سے آج شوپیان میں ترنگا ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت ضلع صدر شوپیان راجہ وسیم نے کی۔ ریلی کا آغاز شرمال علاقے سے ہوا اور بعد میں کلاک ٹاور شوپیان کے قریب اختتام پذیر ہوئی۔جس میں بڑی تعداد میں ٹریکٹر اور دیگر گاڑیوں پر لوگ ترنگا لگائے ریلی میں شامل ہوئے۔

سوگام لولاب میں یوم آزادی کی تیاریاں 

ڈگری کالج سوگام، لولاب میں 15 اگست کی تقریبات کے سلسلے میں فل ڈریس ریہرسل منعقد ہوئی، جس میں تحصیلدار سوگام ثاقب  مرتضیٰ نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ کا معائنہ کیا۔ ریہرسل میں جموں و کشمیر پولیس، این سی سی کیڈٹس اور مختلف اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے شرکت کی، جبکہ طلبہ نے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کیے۔

 پونچھ میں ترنگا ریلی کا انعقاد 

ضلع پونچھ کی سرحدی پنچایت دیگوار ملدیالاں میں یومِ آزادی اور قومی گیت ’وندے ماترم‘ کے 150 سال مکمل ہونے کے موقع پر ترنگا ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ریلی میں طلبہ، اساتذہ اور مقامی شہریوں نے شرکت کی، جبکہ بچوں نے ترنگا تھامے پنچایت کا چکر لگاتے ہوئے ’وندے ماترم‘، ’بھارت ماتا کی جے‘ اور ’ہندوستان زندہ باد‘ کے نعرے لگائے۔

کشتواڑ چوگان میں15اگست کی تیاریاں

کشتواڑ کے چوگان گراؤنڈ میں یومِ آزادی 2026 کی تقریبات کے سلسلے میں فل ڈریس ریہرسل منعقد ہوئی، جہاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پون کوتوال نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائنہ کیا اور دستوں سے سلامی لی۔ پریڈ کی قیادت ڈی ایس پی دیویا کیسر نے کی، جبکہ اے ایس پی کشتواڑ پردیپ سنگھ بھی موجود تھے؛ مارچ پاسٹ میں مجموعی طور پر 26 دستوں نے حصہ لیا۔