• News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • جموں و کشمیر: کٹھوعہ میں تیسرے دن بھی فوج کا آپریشن جاری، ہتھیاروں کا بڑا ذخیرہ برآمد

جموں و کشمیر: کٹھوعہ میں تیسرے دن بھی فوج کا آپریشن جاری، ہتھیاروں کا بڑا ذخیرہ برآمد

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Mar 25, 2025 IST     

image
جموں و کشمیر کے کٹھوعہ ضلع کے ہیرا نگر سیکٹر کے سنیال اور آس پاس کے علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف سیکورٹی فورسز کا آپریشن تیسرے دن بھی جاری ہے۔ سیکورٹی فورسز بشمول فوج، پولیس اسپیشل آپریشنز گروپ (SOG) اور دیگر سیکورٹی فورسز 5 سے 6 شدت پسندوں کی تلاش میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں (CASO) کررہے ہیں۔اس آپریشن کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے نیشنل سیکیورٹی گارڈ (این ایس جی) کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شدت پسندوں نے اپنے ٹھکانے تبدیل کر لیے ہیں تاہم فوج کے جوانوں نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور انہیں پکڑنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔
 

انکاؤنٹر اور دراندازی کی خبریں:

ہیرا نگر سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد (آئی بی) کے قریب اتوار کی شام 6:30 بجے عسکریت پسندوں  اور سیکورٹی فورسز کے درمیان تصادم کے بعد یہ آپریشن شروع کیا گیا۔ تقریباً تین گھنٹے تک جاری رہنے والے مقابلے کو کم بصارت کی وجہ سے روک دیا گیا۔ آپریشن صبح دوبارہ شروع ہوا جو آج تیسرے روز بھی جاری ہے۔ علاقے میں سیکورٹی فورسز کی تعیناتی بڑھا دی گئی ہے جو عسکریت پسندوں کو پکڑنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑنا چاہتے ہیں ۔
 

مقامی لوگوں کو  خطرہ:

سیکورٹی فورسز کو بین الاقوامی سرحد سے تقریباً 5 کلومیٹر دور سانیال گاؤں میں 4-5 دہشت گردوں کے چھپے ہونے کی اطلاع ملی تھی۔ جس کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ دہشت گردوں نے میاں بیوی کو یرغمال بنا لیا تھا۔ خاتون موقع ملتے ہی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئی، حالانکہ دہشت گردوں نے اسے گولی مارنے کی دھمکی دی تھی۔ خاتون کے فرار ہونے کے بعد اس کا شوہر بھی دہشت گردوں کے چنگل سے فرار ہو گیا۔ اس واقعہ میں ایک لڑکی کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔