جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع میں عید الفطر اور نوراتری کے تہواروں کو مدنظر رکھتے ہوئے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ کسی بھی قسم کا تشدد یا فساد نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔ ڈوڈہ ضلع میں بڑی تعداد میں پولیس فورس کو تعینات کیا گیا ہے۔ بازاروں، مساجد اور مندروں سمیت تمام مقامات پر خصوصی نگرانی رکھی جا رہی ہے جہاں لوگ تہوار منانے کے لیے جمع ہوتے ہیں۔ ساتھ ہی، ایس ایس پی نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا ہے کہ ضلع میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاعات ہیں۔ انہوں نے عوام سے تعاون کی اپیل بھی کی ہے۔
امن برقرار رکھنے کے لیے ایک خصوصی سیکورٹی پلان !
ڈوڈہ کے اعلیٰ پولیس افسر سندیپ مہتا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، "ضلع میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاعات ہیں، لیکن پولیس کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ لوگوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ اگر وہ کہیں بھی کوئی مشتبہ سرگرمی دیکھیں تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں ۔اس کے ساتھ ہی ایس ایس پی مہتا نے کہا، پولیس نے دونوں تہواروں کے دوران امن برقرار رکھنے کے لیے ایک خصوصی سیکورٹی پلان بنایا ہے، ابھی تک دہشت گردانہ سرگرمیوں کے بارے میں کوئی ٹھوس اطلاع نہیں ملی ہے، لیکن پولیس ہر طرح کے حالات سے نمٹنے کے لیے الرٹ اور تیار ہے۔ ہمارے سیکورٹی پلان پر پوری طرح عمل کیا گیا ہے۔ جیسے ہی ہمیں کوئی تصدیق شدہ اطلاع ملے گی، ہم فوری کارروائی کریں گے۔
گزشتہ سال کی نسبت انتظامات مضبوط :
انہوں نے ضلع کی موجودہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔ اور کہا کہ حال ہی میں ڈوڈہ ضلع کے دو دیہی علاقوں کی سرحد پر انکاؤنٹر ہوا تھا۔ گزشتہ سال 2024 میں بھی ضلع میں کچھ دہشت گردی کے واقعات ہوئے تھے اور پولیس نے ان پر کارروائی کی تھی۔ ان واقعات کو ذہن میں رکھتے ہوئے، سیکورٹی کے نظام کو مزید مضبوط کیا گیا ہے۔ساتھ ہی اپنی تیاریوں کے ساتھ ساتھ ایس ایس پی نے عوام سے بھی تعاون کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ہر شہری کو ذمہ دار ہونا چاہیے، اگر آپ کوئی بھی سماج دشمن یا ملک دشمن سرگرمی دیکھتے ہیں تو ہمیں فوری طور پر مطلع کریں۔ آپ ہماری آنکھ اور کان بنیں، تاکہ ہم مل کر عسکریت پسندوں کا مقابلہ کر سکیں۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ تہواروں کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے، خصوصی سیکورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے اور مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
مساجد اور مندروں کے قریب خصوصی تعیناتی!
عید الفطر اور نوراتری کے موقع پر ضلع کے کونے کونے میں پولیس موجود ہے۔ عوام کی طرف سے دی گئی خبر پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔ تہوار کے موقع پر مساجد اور مندروں کے ارد گرد خصوصی تعیناتی کی موجودگی رہے گی۔ انہوں نے ڈوڈہ کے لوگوں سے بھی اس تہوار کو امن اور بھائی چارے کے ساتھ منانے کی اپیل کی اور ان سے پولیس کے ساتھ تعاون کرنے کی درخواست کی۔