• News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • جموں و کشمیر، لداخ میں یوم عاشورہ کے بڑے جلوسوں اور مجالس کا اہتمام

جموں و کشمیر، لداخ میں یوم عاشورہ کے بڑے جلوسوں اور مجالس کا اہتمام

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jun 26, 2026 IST

جموں و کشمیر، لداخ میں یوم عاشورہ کے بڑے جلوسوں اور مجالس کا اہتمام
وادیِ کشمیر میں 10 محرم الحرام، یومِ عاشورہ، نہایت عقیدت واحترام اور مذہبی رواداری کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں وادی کے مختلف علاقوں میں ذوالجناح کے جلوس برآمد ہوئے، جن میں بڈگام اور سری نگر میں سب سے بڑے جلوس نکالے گئے۔ سری نگر کے علاقے گلشن باغ اور آس پاس سے عزاداروں کی ایک بڑی تعداد، ہاتھوں میں علمِ شریف تھامے اور شہدائے کربلا کو نم آنکھوں سے یاد کرتے ہوئے زڈی بل کے امام باڑے پہنچی، جہاں دیر رات تک عزاداری کا سلسلہ جاری رہا۔ اس موقع پر عزاداروں نے روایتی راستوں پر جلوس نکالنے کی اجازت نہ ملنے پرحکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
 
سرینگر کے زڈیبل میں دس محرم کا روایتی عاشورہ جلوس عقیدت و احترام سے نکالا گیا، جس میں ایک لاکھ سے زائد عزاداروں نے شرکت کی۔جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور رکنِ پارلیمنٹ آغا سید روح اللہ مہدی نے زڈیبل پہنچ کر جلوس میں شرکت کی اور عزاداروں کا حوصلہ بڑھایا۔بوٹہ کدل سے امام باڑہ زڈیبل تک نکالے گئے اس جلوس کے لیے انتظامیہ نے ڈرون نگرانی اور سخت سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ پینے کے پانی اور طبی امداد کے خصوصی انتظامات کر رکھے تھے۔
 
یومِ عاشورہ کے موقع پر آج لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سرینگر کے علاقہ زڈی بل میں ذوالجناح کے جلوس میں شرکت کی اور عزاداروں میں مشروبات تقسیم کیے۔ اس موقع پر انہوں نے حضرت امام حسینؑ اور ان کے رفقاء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ایل جی کے ہمراہ کشمیر کے انسپیکٹر جنرل آف پولیس بھی موجود تھے، جنہوں نے عوام کا پولیس کے ساتھ تعاون کرنے اور پرامن طریقے سے عاشورہ کا جلوس نکالنے پر شکریہ ادا کیا۔
 
وزیرِاعلیٰ عمرعبداللہ نے یومِ عاشور کے سلسلے میں آج سرینگر کے زڈی بل علاقے کا دورہ کیا اورانتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیرِاعلیٰ کے ہمراہ اُن کے مشیر ناصر اسلم وانی اور رکنِ اسمبلی تنویر صادق بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے عزاداروں میں مشروبات تقسیم کیے اور اُمید ظاہر کی کہ آئندہ عاشورہ کے جلوسوں کو ان کے روایتی راستوں سے گزرنے کی اجازت دی جائے گی۔
 
یومِ عاشورا کے موقع پر بڈگام کے مرکز سے میرگنڈ بڈگام تا مرکزی امام باڑہ بڈگام ایک عظیم الشان جلوسِ عزا برآمد کیا گیا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں عزاداروں نے شرکت کی۔ جلوس میں ذوالجناح شریف اور علمِ مبارک کے ہمراہ عزاداروں نے انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ شرکت کرتے ہوئے حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
 
کرگل کے بلتی بازار امام بارگاہ میں آج عاشورہ، نہایت عقیدت، احترام اور سوگ و غم کے ماحول میں منائی گیا۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں عزاداران نے حضرت امام حسینؑ اور میدانِ کربلا کے 72 جانثار شہداء کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔اس روح پرور اجتماع میں بزرگوں، نوجوانوں، بچوں، خواتین اور معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ تمام شرکاء غم، عقیدت اور یادِ شہدائے کربلا میں یکجا ہوئے۔ 
 
وادی بھر کی طرح یومِ عاشورہ ضلع اننت ناگ کے مختلف علاقوں میں بھی انتہائی عقیدت، احترام اور غم و اندوہ کے ماحول میں منایا گیا، جہاں سینکڑوں عزاداروں نے حضرت امام حسینؑ اور ان کے وفادار ساتھیوں کی کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
 
یومِ عاشور کے موقع پر ضلع اننت ناگ کے وُلہامہ علاقے میں سکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے علاقے دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی نے کہا کہ یومِ عاشور حق، قربانی، صبر اور پاکیزہ زندگی کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل سے اپیل کی کہ وہ ہر قسم کی منشیات اور نشے سے دور رہیں اور اہلِ بیتؑ کی دکھائی ہوئی راہ پر چلیں۔
 
ہانجی ویرہ، پٹن میں یومِ عاشورہ کے موقع پر حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کی یاد میں ہزاروں عزاداروں نے پُرامن ماتمی جلوس میں شرکت کی۔ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گزرا جہاں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کے ذریعے شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ بارہمولہ پولیس اور ٹریفک پولیس کی جانب سے فول پروف سکیورٹی اور مؤثر ٹریفک انتظامات کیے گئے، ۔
 
ضلع کرگل کے سنکو میں یومِ عاشورا کے موقع پر عظیم الشان جلوسِ ذوالجناح برآمد ہوا، جو سانکو کے مختلف علاقوں سے گزرتا ہوا مرکزی امام بارگاہ تھسگام پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس میں ہزاروں عزاداروں نے انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ شرکت کی۔ اس موقع پر حضرت امام حسینؑ اور شہدائے ربلا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ۔
 
دراس کے  میں یومِ عاشورہ کے موقع پر حضرت امام حسینؑ، اہلِ بیتؑ اور شہدائے کربلا کی یاد میں عظیم ماتمی جلوس برآمد ہوا، جس میں دراس اور گرد و نواح کے علاقوں سے ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی۔عزاداروں نے "یا حسینؑ" کی صداؤں، نوحہ خوانی اور سینہ زنی کے ذریعے امام حسینؑ، حضرت ۔۔۔عباسؑ اور دیگر شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
 
ضلع کلگام کے دیوسر میں یومِ عاشورہ انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا، جس میں ہزاروں عزاداروں نے کربلا کے شہدا کی قربانی کی یاد میں نکالے گئے جلوس میں شرکت کی۔ اس موقع پر ایک بلڈ ڈونیشن کیمپ میں 85 پنٹ سے زائد خون کا عطیہ دیا گیا اور عزاداروں کے لیے سبیل کا بھی انتظام کیا گیا
 
ضلع پونچھ کے سب ضلع مینڈھر میں حضرت مولانا مفتی محمد سلطان احمد نقشبندی کی قیادت میں دسویں محرم الحرام کے موقع پر مرکزی جامع مسجد مینڈھر میں ایک پروقار اور روحانی طور پر فیض بخش پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں خطے بھر سے بڑی تعداد میں علمائے کرام، حفاظ، قراء، معزز بزرگوں اور عقیدت مندوں نے شرکت کی۔
 
کشتواڑ میں حضرت سیدنا شاہ محمدفریدالدین بغدادیؒ کا عرس پر آنے والے زائرین  کیلئے قیام وطعام کا مناسب بندوبست منجانب ادارہ وقف بورڈ کشتواڑ  نے کیا ہےجسکی نگرانی کشتواڑ وقف بورڈ کے ایگزیٹوآفسیر فردوس بھوانی نے کی۔ عرس پر آنے والے زائرین کی تعداد پچس ہزار تھی جن کو وقف  بورڈ نے مفت لنگر و رہنے کا انتظام  کیا تھا۔ لوگوں نے وقف بورڈ کے ایگزیٹو آفسیر فردوس بھوانی کا شکریہ کیا۔
 
جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ کا خوبصورت سیاحتی مقام لال ڈرامن ان دنوں قدرتی حسن کے دلکش مناظر پیش کر رہا ہے۔ گلابی، جامنی اور سفید فاکس گلوو کے پھولوں سے سجے سرسبز میدان سیاحوں اور فوٹوگرافروں کو اپنی جانب متوجہ کر رہے ہیں۔ سری نگر کی تاریخی ڈل جھیل پر یومِ عاشورہ کے موقع پر صدیوں پرانی روایت کے مطابق کشتیوں پر منفرد جلوسِ عزا نکالا گیا۔ درجنوں کشتیوں میں سوار عزاداروں نے حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔