Thursday, April 03, 2025 | 05, 1446 شوال
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے راجیہ سبھا رکن رام جی لال سمن کے گھر پر حملہ اور توڑ پھوڑ

سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے راجیہ سبھا رکن رام جی لال سمن کے گھر پر حملہ اور توڑ پھوڑ

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Mar 27, 2025 IST     

image
رانا سانگا پر سماج وادی پارٹی کے راجیہ سبھا رکن رام جی لال سمن  کے بیان کے بعد بدھ کو ان کے گھر پر حملہ کیا گیا اور توڑ پھوڑ کی گئی۔ اس کے بعد جمعرات کو انہوں نے کہا کہ میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا، میں معافی نہیں مانگوں گا۔ رام جی لال سمن نے کہا کہ میں نے جو کہا ہے وہ ایک تاریخی حقیقت ہے اور میں اپنے بیان پر قائم ہوں۔ اس کے ساتھ انہوں نے آج جگدیپ دھنکھر سے ملاقات کی اور انہیں سیکورٹی دینے کا مطالبہ بھی کیا۔
 
اس دوران سماج وادی پارٹی کے لیڈر رام گوپال یادو آگرہ میں رام جی لال کے گھر پہنچے۔ رام گوپال یادو نے یہاں گھر والوں سے ملاقات کی اور واقعہ کی جانکاری بھی لی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ منصوبہ بند طریقے سے انجام دیا گیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وزیر اعلیٰ شہر میں موجود تھے انہوں نے کہا کہ مظاہرین لاٹھیاں اور تلواریں لے کر آئے لیکن انہیں نہیں روکا گیا۔ اگر رام جی لال دلت نہ ہوتے تو ان پر یہ حملہ نہ ہوتا۔ سماج وادی پارٹی عید کے بعد پورے اترپردیش میں بڑا احتجاج کرے گی اور حکومت کو اس پر کارروائی کرنے پر مجبور کرے گی۔
 
 بدھ کو آگرہ میں دائیں بازو کی ایک تنظیم سے وابستہ لوگوں نے سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے راجیہ سبھا ممبر رام جی لال سمن کے گھر پر حملہ کیا، جو رانا سانگا پر اپنے حالیہ متنازعہ بیان کے بعد خبروں میں تھے۔ اس کے بعد رام جی لال سمن کے بیٹے رنجیت نے الزام لگایا کہ کرنی سینا کے کارکنوں نے ہری پروت چوراہے کے قریب واقع ان کے گھر میں گھس کر کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیئے۔ انہوں نے کہا کہ لاٹھیوں اور تلواروں سے لیس حملہ آوروں نے احاطے میں کھڑی کاروں کی بھی توڑ پھوڑ کی۔
 
رنجیت نے کہا، کئی دنوں سے سوشل میڈیا پر ان کے والد کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی جا رہی ہے، دو دن سے دھمکیاں مل رہی تھیں کہ راجیہ سبھا ممبر کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ رنجیت نے الزام لگایا کہ پولیس اور انتظامیہ کو اس کا علم تھا، لیکن انہوں نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ اس کے بجائے، انہوں نے انہیں دھمکیاں دینے والوں کو تحفظ فراہم کیا۔