کیرالہ کے تھریسور ضلع میں ایک کار کھڑی لاری سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار آٹھ افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق حادثہ جمعہ کی رات تقریباً 11 بج کر 40 منٹ پر پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ لاری نیشنل ہائی وے 66 پر کیپامنگلم کےپنمبیکنّو میں کھڑی تھی، جہاں دیر رات کار اس سے ٹکرا گئی۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام آٹھ افراد پڑوسی ریاست تمل ناڈو کے رہنے والے تھے اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق وہ طلباء تھے۔ بتایا گیا ہے کہ وہ گرووایور سے کوڈنگلور کی جانب سفر کر رہے تھے جب ان کی کار لاری سے ٹکرا گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، فائر بریگیڈ اور مقامی افراد موقع پر پہنچے اور امدادی کاروائیاں شروع کیں۔
ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار بری طرح تباہ ہوگئی اور گاڑی میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے اہلکاروں کو کار کاٹنا پڑی۔ حادثے میں تمام آٹھ افراد کی موت ہوگئی۔ لاشوں کو تھریسور میڈیکل کالج کے مردہ خانے منتقل کردیا گیا، جہاں پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ حکام نے ابھی تک ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے،ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ طلباء تمل ناڈو کے ڈنڈیگل میں واقع پی ایس این اے انجینئرنگ کالج کے طالب علم تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔
تھریسور میں گزشتہ ماہ بھی حادثہ
تھریسور ضلع میں گزشتہ ماہ بھی ایک سڑک حادثے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔ کنم کولم میں ایک نجی بس کئی گاڑیوں سے ٹکرا گئی تھی۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب بس ڈرائیور نے ایک دوسری گاڑی کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کی، بس بے قابو ہوکر کئی گاڑیوں سے جا ٹکرائی۔ حادثے میں ایک کار، آٹو رکشا اور دو پہیہ گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔ پولیس نے بتایا تھا کہ حادثے میں ایک شخص ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک تھی۔
فوٹیج میں بس کو ایک نجی جائیداد کے اندر دیکھا گیا، جہاں وہ کمپاؤنڈ کی دیوار اور گیٹ سے ٹکرانے کے بعد رک گئی تھی۔ بس کے اگلے حصے کو شدید نقصان پہنچا تھا۔ عینی شاہدین نے دعویٰ کیا تھا کہ بس تیز رفتاری سے چل رہی تھی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی تھیں۔