Saturday, September 05, 2026 | 21 ربيع الأول 1448
  • News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • جموں وکشمیر میں منشیات اسمگلنگ کا نیٹ ورک بے نقاب

جموں وکشمیر میں منشیات اسمگلنگ کا نیٹ ورک بے نقاب

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Afreen Begum | Last Updated: Sep 05, 2026 IST

جموں وکشمیر میں منشیات اسمگلنگ کا نیٹ ورک بے نقاب
نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے جموں زونل یونٹ نے جموں و کشمیر میں منشیات کی سپلائی کے دو الگ الگ راستوں کا سراغ لگانے کا دعویٰ کیا ہے۔ حکام کے مطابق، ایک راستہ پاکستان سے براہِ راست اوڑی سیکٹر کے ذریعے اور دوسرا پنجاب کے راستے جموں و کشمیر تک پہنچ رہا تھا۔ این سی بی کے مطابق، گزشتہ ایک ماہ کے دوران جموں ڈویژن میں منشیات کی چار کاروائیوں اور پنجاب میں ایک متعلقہ کاروائی کے دوران مجموعی طور پر 6.920 کلوگرام منشیات ضبط کی گئی۔ 
 
3 ستمبر 2026 کو این سی بی نے سامبا کے نئے بس اسٹینڈ کے قریب ایک مسافر بس کو روک کر عاقب بشیر نامی شخص سے 522 گرام منشیات برآمد کی۔ عاقب بشیر کے کاکا پورہ کا رہنے والا بتایا گیا ہے۔
 
این سی بی کے ترجمان کے مطابق، اس کاروائی کے بعد حکام نے منشیات کی سپلائی کے راستے کا سراغ لگایا، جو پنجاب کے لدھیانہ تک پہنچا۔ وہاں کی گئی ایک اور کاروائی میں مزید 197 گرام منشیات برآمد ہوئی۔ اس طرح سانبہ اور لدھیانہ کی مشترکہ کاروائی میں مجموعی طور پر 719 گرام منشیات ضبط کی گئی۔
 
این سی بی کے مطابق، اس سے قبل ایک بڑی کاروائی میں 5.160 کلوگرام منشیات ضبط کی گئی تھی۔ تحقیقات میں سامنے آیا کہ یہ کھیپ پاکستان سے نکلی اور اوڑی سیکٹر کے ذریعے جموں و کشمیر میں داخل ہوئی تھی۔ این سی بی نے اس معاملے میں منشیات کی سپلائی کے راستے کا سراغ لیہہ تک لگایا، جہاں مبینہ سپلائر کو گرفتار کیا گیا۔
 
این سی بی نے جموں اور سامبا کے علاقوں میں منشیات سے متاثرہ بستیوں کے اندر بھی دو الگ الگ کاروائیاں کیں۔ ان کاروائیوں میں بالترتیب 438 گرام اور 603 گرام منشیات برآمد کی گئی۔ حکام کے مطابق، تمام کاروائیوں میں مجموعی طور پر 6.920 کلوگرام منشیات ضبط کی گئی ہے۔
 
این سی بی کے ترجمان نے کہا کہ ادارے کی کاروائی صرف منشیات لے جانے والے افراد کو پکڑنے تک محدود نہیں ہے۔ حکام منشیات کی ہر کھیپ کے اصل ذریعہ، مطلوبہ وصول کنندگان اور مالیاتی رابطوں کا سراغ لگا رہے ہیں تاکہ پورے اسمگلنگ نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جا سکے۔ این سی بی کے مطابق، پاکستان سے اوڑی اور پنجاب سے جموں و کشمیر تک آنے والے دونوں راستوں سے منسلک دیگر افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ این سی بی نے عوام سے منشیات کی اسمگلنگ سے متعلق معلومات فراہم کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔ ایسی معلومات 'MANAS' نیشنل نارکوٹکس ہیلپ لائن 1933 پر دی جا سکتی ہیں اور اطلاع دینے والے کی شناخت خفیہ رکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔