Saturday, February 22, 2025 | 23, 1446 شعبان
  • News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • جموں و کشمیر کے گلمرگ میں منعقد ہونے والے کھیلو انڈیا ونٹر گیمس2025 ملتوی، جانیے آخر کیا ہے وجہ؟

جموں و کشمیر کے گلمرگ میں منعقد ہونے والے کھیلو انڈیا ونٹر گیمس2025 ملتوی، جانیے آخر کیا ہے وجہ؟

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Feb 17, 2025 IST     

image
کھیلو انڈیا ونٹرکھیل (KIWG) کا پانچواں ایڈیشن ناکافی برف باری کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ حکام نے پیر17 فروری  کو بتایا کہ سکی منزل گلمرگ میں ہونے والے کھیل ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ کیونکہ وہاں برف باری کم ہوئی ہے۔ یہ کھیل گلمرگ میں 22 سے 25 فروری 2025 تک ہونے تھے لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔جے اینڈ کے اسپورٹس کونسل کے ایک سینئر اہلکار نے  بتایا کہ یہ فیصلہ گلمرگ میں ناکافی برف باری (کم برف) کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ برف باری کے حالات بہتر ہونے کے بعدنئے سرے سے اعلان کیا جائے گا۔
 
وہیں ذرائع کے مطابق اگلا فیصلہ 19 فروری کے بعد لیا جائے گا، کیونکہ محکمہ موسمیات نے برف باری کے حالات کی پیش گوئی کی ہے، جس کی وجہ سے گلمرگ میں تازہ برف باری کی توقع ہے۔آپ کو بتا دیں کہ یہ واقعہ جموں و کشمیر حکومت کے اس بیان کے چند دن بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ایونٹ کے لیے ہوٹل بکنگ، ایونٹ مینجمنٹ اور انفراسٹرکچر کی تیاری سمیت تمام انتظامات احتیاط سے مکمل کر لیے گئے ہیں۔جہاں  تقریباً 1,000 شرکاء جن میں 650 تکنیکی عملہ اور مقامی ایتھلیٹس شامل ہیں، ان سب کی تقریب میں شرکت متوقع تھی۔ 
 
 
ساتھ ہی بتا تے چلیں کہ خطے میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، فروری میں اب تک مرکز کے زیر انتظام علاقے میں صرف 29.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ بارہمولہ میں اس سال 70-79 فیصد کے درمیان کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے 19 اور 20 فروری کے دوران جموں و کشمیر میں بکھرے ہوئے مقامات پر ہلکی بارش اور برف باری اور 24 فروری کو قدرے خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔