Saturday, January 10, 2026 | 21, 1447 رجب
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • نوکری کے بدلے زمین معاملہ: لالو یادو، تیجسوی-رابڑی سمیت 40 پر الزامات طے، 52 بری

نوکری کے بدلے زمین معاملہ: لالو یادو، تیجسوی-رابڑی سمیت 40 پر الزامات طے، 52 بری

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Jan 09, 2026 IST

نوکری کے بدلے زمین معاملہ: لالو یادو، تیجسوی-رابڑی سمیت 40 پر الزامات طے، 52 بری
راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ اور سابق ریل وزیر لالو پرساد یادو اور ان کے خاندان کے ارکان کی پریشانیاں ایک بار پھر بڑھ گئی ہیں۔ دہلی کی راؤز ایونیو کورٹ نے نوکری کے بدلے زمین گھوٹالے میں یادو خاندان پر مجرمانہ الزامات طے کیے ہیں۔ جن لوگوں پر الزامات ہیں، ان میں خاندان کے سرپرست لالو یادو، ان کی اہلیہ رابڑی دیوی اور بیٹی میسا بھارتی ، بیٹے تیج پرتاپ، تیجسوییادو، اور بیٹی ہیما کے خلاف بھی الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ یہ بات بھی قابل غور ہے کہ عدالت نے نوکریوں کے لیے زمین کیس میں 98 میں سے 52 ملزمان کو بری کر دیا ہے۔
 
40 افراد پر الزامات طے، 52 بری
 
کورٹ نے یادو خاندان کے ارکان سمیت 40 افراد پر الزامات طے کیے ہیں اور 52 کو بری کر دیا ہے۔ خصوصی جج وشال گوگنے نے کہا، یادو اور ان کے خاندان نے ایک مجرمانہ گروہ کی طرح کام کیا اور ان کی طرف سے ایک بڑی سازش رچی گئی تھی۔ کورٹ کو لگتا ہے کہ لالو یادو نے اپنے خاندان کے لیے جائیداد حاصل کرنے کے لیے سرکاری نوکری کو سودے بازی کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی سازش رچی تھی۔
 
نوکری کے بدلے زمین کا معاملہ کیا ہے؟
 
یہ معاملہ 2004 سے 2009 کے درمیان کا ہے۔ تب لالو یادوریل وزیر تھے۔ الزام ہے کہ لالو نے ریلوے میں گروپ ڈی میں نوکری کے بدلے امیدواروں سے زمین لی تھی۔ اس معاملے میں سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے اکتوبر 2022 میں چارج شیٹ داخل کی تھی، جس میں لالو، ان کی اہلیہ رابڑی دیوی اور بیٹی میسا بھارتی سمیت دیگر لوگوں کو ملزم بنایا گیا تھا۔ پہلی چارج شیٹ میں لالو کے بیٹوں کا نام نہیں تھا۔ انہیں بعد میں ملزم بنایا گیا۔