مغربی بنگال میں حکمراں ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے وکلاء کے درمیان ہائی کورٹ میں ہاتھا پائی ہوئی۔ جس سے افراتفری پھیل گئی۔ صورتحال قابو میں نہ آنے پر جج کمرہ عدالت سے چلی گئیں۔ کلکتہ ہائی کورٹ میں I-PAC کیس کی سماعت کی کاروائی شروع ہونے سے پہلے ہی ملتوی کردی گئی۔
ناراض جج کمرہ عدالت سے چلی گئیں
کورٹ ہال میں خلل پرجسٹس سویرا گھوش کے بار بار انتباہ کے باوجود کمرہ عدالت میں نظم بحال نہیں ہوا۔ ایک سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے، جج نے کیس سےغیر وابستہ وکلاء سے کہا کہ وہ پانچ منٹ کے اندر اندریہاں چلے جائیں۔ تاہم، وکلاء میں الجھن پھیل گئی، اور وہ اس بات پر بحث شروع کردی کہ کون کورٹ ہال میں رہے گا اور کون جائے گا۔ جج کے انتباہ کے باوجود خلل نہ رکنے سے ناراض جج کمرہ عدالت سے چلی گئیں۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اور ترنمول کانگریس کی طرف سے دائر دونوں مقدمات کی سماعت 14 جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی عرضی
ای ڈی کے عہدیداروں نے جمعرات کو کوئلہ اسمگلنگ کیس کے سلسلے میں حکمراں ٹی ایم سی کی سیاسی کنسلٹنسی فرم I-PAC کے دفتر پر چھاپہ مارا۔ مغربی بنگال کی سی ایم ممتا بنرجی فوراً وہاں پہنچ گئیں۔ ممتا بنرجی نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ وہ اپنی پارٹی کی سیاسی حکمت عملیوں کو سبوتاژ کرنے کے لیے اپنی طاقت کا غلط استعمال کر رہی ہے۔ای ڈی نے کلکتہ ہائی کورٹ کے سامنے اپنی عرضی میں، وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے خلاف آئی پی اے سی کے دفتر پر چھاپے کے دوران مرکزی ایجنسی کی تحقیقات میں مبینہ طور پر مداخلت کرنے، فرائض میں رکاوٹ ڈالنے اور اہم فائلیں اور الیکٹرانک آلات چھینے کے الزام لگائے۔
ٹی ایم سی کی جوابی عرضی
دوسری طرف، ترنمول کانگریس نے ایک جوابی عرضی دائر کی ہے جس میں چھاپوں کے دوران ای ڈی کی طرف سے ضبط کیے گئے دستاویزات کی واپسی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ممتا بنرجی نے الزام لگایا کہ بی جے پی آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل ترنمول کانگریس کی انتخابی حکمت عملی کو چرانے کے لیے ای ڈی کا غلط استعمال کر رہی ہے۔ای ڈی حکام اور سی آر پی ایف اہلکاروں کے خلاف بھی دو تھانوں میں کیس درج کیے گئے ہیں۔
ای ڈی اور ممتا حکومت کےدرمیان تصادم
ای ڈی اور ممتا بنرجی حکومت کے درمیان تصادم اس وقت گرم ہوگیا ہے جب مرکزی ایجنسی نے چیف منسٹر پر تحقیقاتی مقامات سے "اہم دستاویزات" اور الیکٹرانک آلات کو ہٹانے کا الزام لگایا ہے۔بنرجی نے شیکسپیئر سرانی پولیس اسٹیشن میں نامعلوم ای ڈی اہلکاروں اور سی آر پی ایف اہلکاروں کے خلاف اور بدھن نگر پولیس کے تحت الیکٹرانک کمپلیکس پی ایس میں نامعلوم ای ڈی کے اہلکاروں کے خلاف جین کی لاؤڈن اسٹریٹ رہائش گاہ اور ان کے سالٹ لیک آفس پر جمعرات کو ایجنسی کے چھاپوں کے سلسلے میں اپنی شکایات درج کرائیں۔