Saturday, May 09, 2026 | 21 ذو القعدة 1447
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • این ایس راجا سبرامنی نئے سی ڈی ایس اور کرشنا سوامی ناتھن نیو نیوی چیف

این ایس راجا سبرامنی نئے سی ڈی ایس اور کرشنا سوامی ناتھن نیو نیوی چیف

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: May 09, 2026 IST

این ایس راجا سبرامنی نئے سی ڈی ایس اور کرشنا سوامی ناتھن نیو نیوی چیف
 مرکزی حکومت نے ملک کی اعلیٰ دفاعی قیادت میں اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل این ایس راجا سبرامنی کو نیا چیف آف ڈیفنس اسٹاف (CDS) مقرر کیا ہے، جبکہ وائس ایڈمرل کرشنا سوامی ناتھن کو بھارتی بحریہ کا نیا چیف آف نیول اسٹاف (نیوی چیف) بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
 
لیفٹیننٹ جنرل راجا سبرامنی جنرل انیل چوہان کی جگہ لیں گے، جن کی مدتِ ملازمت 30 مئی کو مکمل ہو رہی ہے۔ وہ عہدہ سنبھالنے کے ساتھ ہی محکمہ فوجی امور میں حکومت ہند کے سیکریٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دیں گے۔ وزارتِ دفاع کے مطابق، راجا سبرامنی چار دہائیوں سے زائد فوجی تجربہ رکھنے والے نہایت تجربہ کار اور اعزاز یافتہ افسر ہیں۔
 
 لیفٹیننٹ جنرل این ایس راجا سبرامنی  کا کیریئر:
انہوں نے دسمبر 1985 میں گڑھوال رائفلز سے اپنے فوجی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ نیشنل ڈیفنس اکیڈمی کے سابق طالب علم ہیں اور برطانیہ کے جوائنٹ سروسز کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج سے بھی تربیت حاصل کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے کنگز کالج لندن سے ماسٹرز اور مدراس یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری حاصل کی۔اپنے طویل کیریئر کے دوران انہوں نے جموں و کشمیر، مغربی اور شمالی سرحدی علاقوں سمیت کئی حساس محاذوں پر خدمات انجام دیں۔ وہ قازقستان میں ہندوستان کے دفاعی اتاشی بھی رہ چکے ہیں۔ راجا سبرامنی کو نمایاں خدمات پر پی وی ایس ایم، اے وی ایس ایم، سینا میڈل اور وی ایس ایم جیسے اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔

وائس ایڈمرل کرشنا سوامی ناتھن نئے نیوی چیف

دوسری جانب، حکومت نے وائس ایڈمرل کرشنا سوامی ناتھن کو نیا نیوی چیف مقرر کیا ہے، جو ایڈمرل دنیش کمار ترپاٹھی کی جگہ لیں گے۔ موجودہ نیوی چیف 31 مئی کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔
 
 کرشنا سوامی ناتھن کا کریئر:
وائس ایڈمرل کرشنا سوامی ناتھن یکم جولائی 1987 کو بھارتی بحریہ میں شامل ہوئے تھے اور وہ کمیونیکیشن اور الیکٹرانک وارفیئر کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔ وہ نیشنل ڈیفنس اکیڈمی کھڑکواسلا، برطانیہ کے جوائنٹ سروسز کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج اور امریکی نیول وار کالج کے سابق طالب علم ہیں۔اپنے بحری کیریئر کے دوران انہوں نے کئی اہم جنگی جہازوں اور بحری یونٹس کی کمان سنبھالی، جن میں آئی این ایس وکرما دتیہ، آئی این ایس میسور اور مغربی بحری بیڑے کی قیادت شامل ہے۔ انہوں نے بھارتی بحریہ میں آپریشنل سیفٹی کے نظام کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
 
کرشنا سوامی ناتھن کو بھی پی وی ایس ایم، اے وی ایس ایم اور وی ایس ایم جیسے اعلیٰ فوجی اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔ ماہرین کے مطابق، دونوں سینئر افسران کی تقرری سے ہندوستان کی دفاعی حکمت عملی اور فوجی قیادت کو مزید مضبوطی ملنے کی امید ہے۔