دہلی ہائی کورٹ نے جموں و کشمیر کے رکن پارلیمنٹ عبدالرشید شیخ کو، جو دہشت گردی کی فنڈنگ کے ایک معاملے میں جیل میں ہیں، انہیں "حراست میں" پارلیمنٹ کے جاری اجلاس کی کارروائی میں حصہ لینے کی اجازت دی ہے۔ جسٹس چندر دھاری سنگھ اور انوپ جے رام بھمبھانی کی بنچ نے کہا کہ پولیس انجینئر رشید کو 26 مارچ سے 4 اپریل تک ہر روز پارلیمنٹ ہاؤس لے جائے گی اور کارروائی ختم ہونے کے بعد اسے واپس جیل لے جائے گی۔
موبائل فون یا میڈیا سے بات کرنے کی اجازت نہیں:
بنچ نے کہا کہ جیل سے باہر رہنے کے دوران ، انجینئر رشید کو موبائل فون یا لینڈ لائن استعمال کرنے یا پھرمیڈیا سے بات چیت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یاد رہے کہ رشیدکو 2017 میں دہشت گردی کی فنڈنگ کے معاملے میں غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (UAPA) کے تحت مقدمے کا سامنا ہے۔ انہوں نے 10 مارچ کے نچلی عدالت کے حکم کو چیلنج کیا تھا، جس کے تحت انہیں لوک سبھا کی کارروائی میں حصہ لینے کے لئے 4 اپریل تک حراستی پیرول یا عبوری ضمانت سے انکار کر دیا گیا تھا۔بتا دیں کہ شیخ عبدالرشید، جو انجینئر رشید کے نام سے مشہور ہیں، ایک کشمیری علیحدگی پسند سیاست دان ہیں۔ فی الحال وہ جموں و کشمیر کے بارہمولہ حلقے کی نمائندگی کرنے والے لوک سبھا کے رکن ہیں۔ انہیں اسمبلی انتخابات کے دوران مہم چلانے کے لیے عبوری ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔
اے آئی پی لیڈر نے خوشی کاکیا اظہار :
عوامی اتحاد پارٹی کے ترجمان انعام النبی نے سوشل میڈیا پوسٹ میں دہلی ہائی کورٹ کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے لکھا، جمہوریت کی بڑی فتح! دہلی ہائی کورٹ نے ایم پی انجینئر رشید کو 18ویں لوک سبھا کے چوتھے سیشن کے دوسرے حصے میں حراست میں حصہ لینے کی اجازت دی۔ تمام رکاوٹوں کے باوجود، شمالی کشمیر کے لوگوں کی آواز پارلیمنٹ میں گونجے گی۔