مدھیہ پردیش کے ستنا ضلع میں سر عام غنڈہ گردی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہاں ایک شخص نے تھانے میں گھس کر ہیڈ کانسٹیبل کو گولی مار دی۔ کانسٹیبل کو فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ تاہم تقریباً 12 دن بعد ہیڈ کانسٹیبل کی علاج کے دوران موت ہو گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ متوفی ہیڈ کانسٹیبل کی آخری رسومات ستنا میں ادا کی گئیں۔ساتھ ہی اس کے اہل خانہ کو مناسب معاوضہ دیا جائے گا۔
کیا ہے پورا معاملہ؟
دراصل، ستنا میں ہیڈ کانسٹیبل کو تھانے کے اندر گولی مار کر قتل کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ 28 اپریل کی آدھی رات کے بعد پیش آیا۔ یہاں، ضلع کے جیتواڑہ پولیس اسٹیشن کے احاطہ میں ہیڈ کانسٹیبل پر فائرنگ کی گئی۔ گولی اس کے کندھے کے قریب لگی۔ گولی لگنے کے بعد زخمی ہیڈ کانسٹیبل پرنس گرگ کو اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کا علاج کئی دنوں تک حلاج چلتا رہا،تاہم 12 دن بعد موت ہو گئی۔ اس واردات کو انجام دینے والے ملزم اچو شرما کو پولیس نے گزشتہ ہفتے ہی گرفتار کر لیا ہے۔
ستنا ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) آشوتوش گپتا نے ہیڈ کانسٹیبل پرنس گرگ کی موت کی اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ 7 مئی کو زخمی ہیڈ کانسٹیبل پرنس گرگ کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے دہلی لے جایا گیا۔ وہ یہاں میکس اسپتال میں زیر علاج تھے۔ انہوں نے بتایا کہ پرنس گرگ کی جمعہ کو اسپتال میں علاج کے دوران موت ہوگئی۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ متوفی پرنس گرگ کے اہل خانہ کو سرکاری قواعد کے مطابق ایک کروڑ روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔ اس کے علاوہ سرکاری نوکری دی جائے گی۔متوفی پرنس گرگ کی آخری رسومات ہفتہ کی صبح ان کے آبائی مقام ستنا میں ادا کی گئیں۔