اتر پردیش کے پریاگ راج ضلع میں پیر کو ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ یہاں گنگا پار کے فافاماؤ علاقے میں کولڈ سٹوریج گرنے سے 20 سے 25 لوگ ملبے تلے دب گئے۔ واقعہ چاند پور گاؤں میں پیش آیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ سٹوریج میں موجود امونیا ٹینک کے پھٹنے سے عمارت ڈھ گئی ہے۔ حادثے میں ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ علاقے میں افراتفری کا ماحول ہے۔ موقع پر پولیس اور فائر بریگیڈ کے اہلکار پہنچ گئے ہیں۔
حادثہ کیسے پیش آیا؟
پولیس نے بتایا کہ لکھنؤ روڈ پر سماج وادی پارٹی کے سابق وزیر انصار احمد کا کولڈ سٹوریج ہے۔ دوپہر کے وقت یہاں آلو رکھا جا رہا تھا، تبھی امونیا گیس سے بھرے ٹینک میں زوردار دھماکہ ہوا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ سٹوریج کی چھت گر گئی اور موقع پر موجود کئی لوگ ملبے تلے دب گئے۔ واقعے کے بعد امونیا گیس کا رساؤ بھی ہوا، جس کی وجہ سے کولڈ سٹوریج کے اندر داخل ہونے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔
ایک کلومیٹر تک پھیلی بدبو
واقعے کے بعد امونیا گیس کا رساؤ ایک کلومیٹر تک پھیل گیا، جس سے لوگ پریشان ہو گئے۔ لوگوں کو سانس لینے میں تکلیف ہونے لگی۔ اس سے بچنے کے لیے لوگوں نے رومال ناک اور منہ پر باندھ لیا۔ پولیس اور انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ اس میں زیادہ تر بہار کے مزدور شامل ہیں۔ اب تک ایک لاش برآمد ہوئی ہے۔ واقعے کی تحقیقات کے احکامات دے دیے گئے ہیں۔