نئی دہلی: دارالحکومت دہلی میں ایک بار پھر تیز رفتار کار سے تباہی دیکھنے میں آیا ہے۔ لٹینس دہلی کے قریب 11 مورتی سے کچھ ہی فاصلے پر تیز رفتار تھار نے دو افراد کو ٹکر مار دی۔جس میں ایک شخص کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ دوسرا شخص اسپتال میں زیر علاج ہے۔ یہ واقعہ راشٹرپتی بھون سے صرف دو کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا۔تھار کی رفتار اتنی زیادہ تھی کہ وہ بکھر گیا اور اس کا اگلا ٹائر باہر آ گیا۔ حادثے کے وقت کار چلانے والا نوجوان کار میں اکیلا تھا۔ پولیس کو کار کے اندر سے شراب کی بوتل ملی ہے۔ گاڑی کا رجسٹریشن نمبر اتر پردیش کا ہے۔ فی الحال پولس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
بتایا جارہاہے کہ مرنے والا شخص سڑک پر چل رہا تھا۔ اسی دوران ایک تیز رفتار کار نے اسے ٹکر مار دی۔ وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ ڈیوائیڈر سے ٹکرانے کے بعد کار کا اگلا پہیہ باہر نکل گیا۔ تاہم اتنے زوردار تصادم کے بعد بھی کار نہیں اُلٹا۔ ورنہ گاڑی چلانے والا اپنی جان سے ہاتھ دھو سکتا تھا۔اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے گاڑی چلانے والے شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔ گاڑی کے اندر سے شراب کی بوتلیں بھی ملی ہیں جن کی چھان بین کی جارہی ہے۔ فرانزک ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی ہے اور تحقیقات کر رہی ہے۔
ہماچل پردیش میں بڑا حادثہ:
گزشتہ روز ہماچل پردیش کےضلع چمبہ میں ایک سنگین سڑک حادثہ پیش آیا۔ اس حادثہ میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد کی موت ہوگئی۔ راجیش نامی شخص اپنے افرادخاندان کے ساتھ کارمیں سفرکررہا تھا۔ اسی دوران چنواس علاقے میں ایک پہاڑی سے گرا پتھرگاڑی سے ٹکرا گیا۔ جس کی وجہ سے کار بے قابو ہوکر 500 میٹر گہری کھائی میں جاگری۔ اس واقعہ میں 40 سالہ سرکاری اسکول ٹیچر راجیش اوراس کی اہلیہ35 سالہ ہنسو، ان کی بیٹی 17سالہ آرتی، 15سالہ بیٹا دیپک ،44سالہ راجیش کماراور 37سالہ ہیم پال کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔