• News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • ہریانہ: بیوی کے قتل کے الزام میں شوہر اور اس کی گرل فرینڈ گرفتار

ہریانہ: بیوی کے قتل کے الزام میں شوہر اور اس کی گرل فرینڈ گرفتار

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Jul 06, 2026 IST

ہریانہ: بیوی کے قتل کے الزام میں شوہر اور اس کی گرل فرینڈ گرفتار
ہریانہ کے گروگرام ضلع میں ایک خاتون کے قتل کا سنسنی خیز معاملے سامنے آیا ہے۔ پولیس نے اس قتل کے معاملے میں خاتون کے شوہر اور اس کی مبینہ گرل فرینڈ کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق، شوہر نے اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ مل کر منصوبہ بندی کے تحت بیوی کو گولی مار کر قتل کیا اور بعد ازاں فرار ہو گیا۔
 
پولیس کے مطابق، 22 مئی کو مقتولہ کی والدہ نے مانیسر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی 22 سالہ بیٹی کی شادی فروری 2026 میں مانیسر کے رہائشی انکت سے ہوئی تھی۔ 21 مئی کو انہیں اطلاع ملی کہ ان کی بیٹی لاپتہ ہے۔ اہل خانہ نے خود بھی تلاش کی اور سسرال والوں سے رابطہ کیا، لیکن کوئی اطمینان بخش جواب نہ ملنے پر انہوں نے شوہر اور اس کے اہل خانہ پر شبہ ظاہر کیا۔
 
شکایت کی بنیاد پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی۔ اسی دوران 22 مئی کو مانیسر کے ایک کرائے کے کمرے سے خاتون کی لاش برآمد ہوئی، جسے گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔ اس کے بعد پولیس نے قتل کی دفعات بھی مقدمے میں شامل کر لیں۔
 
کرائم برانچ، مانیسر نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد کی شناخت 25 سالہ انکت، اور 38 سالہ رجنی دیوی، طور پر ہوئی ہے۔
 
پولیس کی ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ انکت اور رجنی کے درمیان گزشتہ تین برس سے تعلقات تھے۔ رجنی کچھ عرصے سے مانیسر میں کرائے کے مکان میں رہ رہی تھی۔ پولیس کے مطابق، 21 مئی کو انکت اپنی بیوی کو اسی کرائے کے کمرے میں لے گیا، جہاں پہلے سے طے شدہ منصوبے کے تحت اسے گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔
 
تحقیقات سے یہ بھی معلوم ہوا کہ قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ تقریباً دو ماہ قبل اتر پردیش سے حاصل کیا گیا تھا۔ واردات کے بعد دونوں ملزمان پہلے ہریدوار گئے اور پھر نیپال فرار ہو گئے۔ بعد ازاں 30 جون کو بھارت واپس آنے پر پولیس نے دونوں کو گرفتار کر لیا۔
 
پولیس نے ملزمان کو عدالت میں پیش کر کے پانچ روزہ پولیس ریمانڈ حاصل کر لیا ہے تاکہ قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ، دیگر شواہد اور واردات سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جا سکیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور تمام حقائق سامنے لانے کے لیے مزید کارروائی کی جا رہی ہے۔