ایودھیا میں ہفتہ کی دوپہر رام مندر کے قریب دیاشنکر سنگھ کے یگیہ مقام پر اچانک شدید آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے تقریباً ایک ایکڑ پرمشتمل پنڈال کو راکھ میں تبدیل کر دیا۔ خوش قسمتی سے واقعے کے وقت مقام خالی تھا، جس کے باعث کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
رام مندرسےتقریباً 800 میٹرکے فاصلے پرآتشزدگی
یہ واقعہ دوپہر تقریباً 12 بجے پیش آیا، جو نو روزہ لکشمی نارائن مہایگیہ کے اختتام کے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے بعد ہوا۔ اس مذہبی تقریب میں اختتامی موقع پر 50 ہزار سے زائد افراد شریک ہوئے تھے۔ یگیہ مقام رام مندر سے تقریباً 800 میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق رسم کے بعد ناریل توڑنے کے دوران پیدا ہونے والی چنگاری نے کپڑے سے بنے پنڈال کو آگ لگا دی۔
ریاستی وزیر اور فائربریگیڈ موقعہ پر پہنچے
صوبائی وزیر دیہ شنکر سنگھ نے بتایا کہ فائر بریگیڈ کی ٹیمیں پہلے سے ہی موقع پر موجود تھیں اور فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا گیا۔ ان کے مطابق کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔
1251 ہون کنڈ تھے
عینی شاہدین کے مطابق یگیہ مقام پر 1251 ہون کنڈ قائم کیے گئے تھے اور آخری دن 5000 سے زائد عقیدت مندوں نے مذہبی رسومات ادا کیں۔ تقریب ختم ہونے کے بعد زیادہ تر افراد کے چلے جانے کی وجہ سے ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔
دو گھنٹوں کی کوشش کےبعد آگ پرقابو پالیا گیا
چیف فائر آفیسر ایم پی سنگھ کے مطابق تقریباً 10 فائر بریگیڈ گاڑیوں نے دو گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر مکمل قابو پایا۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ کوئی زخمی یا ہلاکت نہیں ہوئی۔
جانچ جاری
فی الحال واقعے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم ابتدائی طور پر اسے حادثاتی واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔