Saturday, October 18, 2025 | 26, 1447 ربيع الثاني
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • امرتسر سے سہرسہ جارہی ٹرین میں لگی زبردست آگ ، افراتفری کا ماحول

امرتسر سے سہرسہ جارہی ٹرین میں لگی زبردست آگ ، افراتفری کا ماحول

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Oct 18, 2025 IST

امرتسر سے سہرسہ جارہی ٹرین میں لگی زبردست آگ ، افراتفری کا ماحول
پنجاب کے امرتسر سے بہار کے سہرسہ جارہی غریب رتھ ٹرین میں زبردست آگ لگ گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ٹرین میں خوف و ہراس پھیل گیا اور مسافر ٹرین کے ڈبے سے کودنے لگے۔ واقعے کے دوران کچھ زخمی بھی ہوئے۔ تاہم تمام مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ آگ اے سی کوچ نمبر 19 میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔معلومات کے مطابق جب آگ لگی تو موجود مسافر نے چین کھینچ کر ٹرین کو روک دیا۔جسکے بعد لوکو پائلٹ نے فوری طور پر تمام مسافروں کو ٹرین سے اترنے کی ہدایت دی اور ریلوے پولیس کو آگ لگنے کی اطلاع دی۔
 
دھوئیں کے ساتھ شعلے بھی بھڑک اٹھے:  
 
مسافروں نے پولیس کو بتایا کہ یہ واقعہ صبح تقریباً 7 بجے پیش آیا۔ سرہند ریلوے اسٹیشن پار کرتے ہی بوگی نمبر 19 سے دھواں نکلنا شروع ہوا۔ مسافروں نے ٹرین کی چین کھینچی اور نیچے اترنا شروع کر دیا۔ لوکو پائلٹ باہر آیا اور اس نے بوگیوں کو خالی کروایا۔ اس دوران دھوئیں کے ساتھ آگ کے شعلے بھی بھڑک اٹھے، جسے دیکھ کر لوگوں میں افراتفری مچ گئی اور وہ اپنے بچوں اور سامان کے ساتھ نیچے اتر گئے۔ ہنگامہ دیکھ کر آس پاس کے لوگ بھی موقع پر پہنچ گئے، جنہوں نے مسافروں کو محفوظ  ہونے میں مدد کی۔
 
تاہم افراتفری کے دوران ٹرین سے اترنے میں کئی مسافروں کو چوٹیں آئیں۔ اطلاع ملتے ہی ریلوے اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ایک گھنٹے کے اندر آگ پر قابو پا لیا گیا۔
 
کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں: 
 
ریلوے وزارت نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریلوے حکام نے فوری کارروائی کی، مسافروں کو دوسرے ڈبوں میں منتقل کیا گیا اور آگ کو جلد بجھا دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین جلد ہی اپنی منزل کی طرف روانہ ہو جائے گی۔ ریلوے نے دعویٰ کیا ہے کہ آگ لگنے کے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تاہم، موقع پر موجود لوگوں کا کہنا ہے کہ واقعے میں کئی لوگوں کو چوٹیں آئیں۔

ریلوے نے دی جانکاری:
 
شمالی ریلوے، امبالہ کے ڈی آر ایم نے کہا، "ٹرین نمبر 12204 (امرتسر-سہرسہ غریب رتھ ایکسپریس) میں سرہند جنکشن پر آگ لگنے کی اطلاع ملی ہے۔ ریلوے عملہ اور مقامی اہلکار موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ صورتحال قابو میں ہے اور ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔اگ لگی کوچ کو ٹرین سے الگ کر دیا گیا ہے۔ مسافروں کو دوسری کوچ میں منتقل کر دیا گیا ہے اور ٹرین روانہ ہو گئی ہے۔