آندھراپردیش کے چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو نے واضح کیاکہ وہ میڈیکل کالجوں کو نجی کمپنیوں کے حوالے نہیں کر رہے۔ چیف منسر نے کہا کہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کی جائے گی اور حکومت ان کا انتظام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کی ذمہ دار ہے کہ میڈیکل طلباء اور طبی خدمات کو تکلیف نہ ہو۔ چندرابابو نائیڈو نے کہا کہ ایسی کوئی صورتحال نہیں ہے جہاں دھمکیاں دی جائیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ رائلسیما میں ایک بار 10 سالوں میں سے 8 سال خشک سالی رہی۔
چیف منسٹر نے کہاکہ اننت پور اب بھی ملک میں سب سے کم بارش والا ضلع ہے لیکن پانی فراہم کرنے کے بعد وہاں صورتحال بدل گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ گوداوری اضلاع کے مقابلے اننت پور ضلع جی ایس ڈی پی میں سب سے اوپر ہے۔ چیف منسٹر نے یاد دلایا کہ یہ باغبانی کی وجہ سے ہی ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم گندے پانی کو صرف زراعت کیلئے استعمال کریں گے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہاکہ ہم ریاست میں سرمایہ کاری لانے کیلئے سخت محنت کر رہے ہیں۔
ساتھ ہی بتا دیں کہ آندھرا پردیش کے وزیر برائے انڈسٹریز، کامرس اور فوڈ پروسیسنگ ٹی جی بھرت نے کرنول شہر کے 10ویں وارڈ میں جدید تعمیر شدہ درویش قادری مسجد کا معائنہ کیا۔اس موقع پر وزیر نے کہا کہ وہ تمام مذاہب کا یکساں احترام کرتے ہیں اور کرنول کی ترقی کو ذات پات و مذہب سے بالاتر ہوکر آگے بڑھانا ہی ان کا مقصد ہے۔ انہوں نے مسجد میں منعقدہ 40 روزہ نماز مقابلے میں شریک طلبہ کو انعام کے طور پر سائیکلیں تقسیم کیں اور مسجد کے اندر کے ترقیاتی کاموں پر مسجد کمیٹی کی خدمات کو سراہا۔
ٹی جی بھرت نے کہا کہ کچھ لوگ انہیں فرقہ پرست کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ ان کی تمام سرگرمیاں ہر طبقے کے لوگوں کو ساتھ لے کر چلنے والی ہیں۔ انہوں نے عوام سے حاصل ووٹوں اور ان کی جیت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کرنول شہر کو مزید ترقی یافتہ بنانے کیلئے کوششیں جاری رہیں گی۔اس تقریب میں مقامی رہنما محبوب، مسجد کمیٹی کے نمائندے، ٹی ڈی پی قائدین اور اے پی حج کمیٹی کے رکن منصر علی خان بھی موجود تھے۔