امریکہ-اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے بیچ قطر میں ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں ایک ایک فوجی ہیلی کاپٹر تکنیکی خرابی کے باعث معمول کی پرواز کے دوران ملک کے سمندری حدود میں گر کر تباہ ہو گیا۔اس حادثے میں ہیلی کاپٹر میں سوار 6 افراد ہلاک ہو گئے۔ حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر میں کل 7 افراد سوار تھے۔ اس لیے اب ایک لاپتہ فرد کی تلاش جاری ہے۔ قطر کی وزارت داخلہ نے اس حادثے کی تصدیق کی ہے۔
یہ حادثہ کیسے پیش آیا؟
قطر کی وزارت داخلہ نے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر ایک پوسٹ کے ذریعے حادثے کا اعلان کیا۔ پوسٹ میں کہا گیا:معمول کی فوجی ڈیوٹی کے دوران، ایک ہیلی کاپٹر میں تکنیکی خرابی پیدا ہوئی، جس کی وجہ سے یہ ملک کے سمندری حدود میں گر کر تباہ ہو گیا۔ وزارت دفاع کی رپورٹ کے بعد، خصوصی ٹیمیں اس وقت تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں کر رہی ہیں۔ تاہم وزارت نے حادثے کی مخصوص وجہ یا طیارے میں سوار افراد کی شناخت کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے درمیان ہوا حادثہ :
یہ حادثہ مشرق وسطیٰ میں امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری علاقائی تناؤ کے درمیان پیش آیا ہے۔ یہ تنازع 28 فروری کو ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد شروع ہوا تھا، جس کے بعد ایران نے اسرائیلی علاقوں اور خلیج میں قطر، بحرین، کویت، متحدہ عرب امارات، اردن اور سعودی عرب سمیت امریکہ سے منسلک ٹھکانوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے۔ تاہم، اس حادثے کا اس تنازع سے کوئی تعلق نہیں ہے۔