حیدرآباد،میں منعقدہ 72ویں مس ورلڈ مقابلے میں تھائی لینڈ کی سچاتا چوانگسری نے پہلی بار اپنے ملک کے لیے مس ورلڈ کا تاج جیت کر تاریخ رقم کر دی۔ یہ مقابلہ HITEX ایگزیبیشن سینٹر میں منعقد ہوا، جہاں 108 ممالک کی حسیناؤں نے شرکت کی۔ فرسٹ رنر۔اپ ایتھوپیا۔ سکنڈ رنر۔اپ پولینڈ، تھرڈ رنر۔اپ مارٹینی کیو، رہیں۔
سچاتا چوانگسری:تھائی لینڈ کی پہلی مس ورلڈ
20 ستمبر2003 کو تھائی لینڈ کے شہر فوکٹ میں پیدا ہونے والی سچاتا چوانگسری، جنہیں "اوپال" کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، پیشے کے اعتبار سے ماڈل اور عالمی حْسن کے مقابلوں کی فاتح رہیں۔ انہوں نے تھاماسات یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور مس یونیورس تھائی لینڈ 2024 کا تاج جیتا۔ مس یونیورس 2024 مقابلے میں وہ تیسری رنر اپ رہیں، تاہم بعد میں مس ورلڈ 2025 میں تھائی لینڈ کی نمائندگی کے لیے منتخب ہوئیں۔ مس ورلڈ مقابلے میں انہوں نے ملٹی میڈیا چیلنج جیت کر ٹاپ 40 میں جگہ بنائی اور بالآخر مس ورلڈ 2025 کا تاج اپنے نام کیا۔
بھارت کی نندنی گپتا کی شاندار کارکردگی
بھارت کی نمائندگی راجستھان کے کوٹا شہر سے تعلق رکھنے والی نندنی گپتا نے کی، جو فیمینا مس انڈیا ورلڈ 2023 کی فاتح رہ چکی ہیں۔ انہوں نے مس ورلڈ 2025 میں ٹاپ 20 میں جگہ بنائی اور ایشیا-اوشینیا ریجن کے ٹاپ ماڈل چیلنج میں کامیابی حاصل کی، جس سے بھارت کا نام روشن ہوا۔
حیدرآباد میں مس ورلڈ کا شاندارانعقاد
مس ورلڈ 2025 کا انعقاد بھارت کے شہر حیدرآباد میں 7 سے 31 مئی تک ہوا، جس میں 140 ممالک کی حسیناؤں نے شرکت کی۔ اس دوران مختلف ثقافتی اور سماجی تقریبات کا اہتمام کیا گیا، جن میں تلنگانہ کی ثقافت، روایات، کھانوں اور سیاحتی مقامات کو دنیا بھر کے سامنے پیش کیا گیا۔ اس ایونٹ نے نہ صرف تلنگانہ کی ثقافت کو عالمی سطح پر متعارف کرایا بلکہ ریاست میں سیاحت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی پیدا کیے۔
دیگرنمایاں حسینائیں
کریسناہ گراویڈیز (فلپائن): مس ورلڈ 2025 میں ٹاپ 8 فائنلسٹ رہیں اور "مس ورلڈ ایشیا اینڈ اوشیانا 2025" کا اعزاز حاصل کیا۔ سروپ روشے (ملائیشیا): ٹاپ 40 میں شامل ہوئیں اور ذہنی صحت کے حوالے سے اپنی مہم "UnmaskYourself" کے ذریعے توجہ کا مرکز بنیں۔
ججوں کا پینل
ججوں کے پینل میں اداکار سونو سود، بزنس وومن سدھا ریڈی اور 2014 کی مس انگلینڈ کرینا شامل ہیں۔ مس ورلڈ آرگنائزیشن کی چیئرپرسن جولیا مورلی ججنگ پینل کی سربراہ کے طور پر خدمات انجام دی۔ مس ورلڈ 2025 نہ صرف خوبصورتی کا مقابلہ تھا بلکہ یہ خواتین کے بااختیار بنانے، ثقافتی تبادلے اور عالمی ہم آہنگی کا مظہر بھی تھا۔ تھائی لینڈ کی سچاتا چوانگسری کی جیت نے نئی تاریخ رقم کی، جبکہ بھارت کی نندنی گپتا کی کارکردگی نے ملک کا سر فخر سے بلند کیا۔ حیدرآباد میں اس عالمی ایونٹ کا انعقاد بھارت کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوا، جس نے ملک کی ثقافت اور مہمان نوازی کو دنیا بھر میں متعارف کرایا۔
اس تقریب میں اداکار دگوبتی رانا اور اداکارہ نمرتا سمیت ممتاز فلمی شخصیات بھی موجود تھیں۔ بالی ووڈ کی مشہور شخصیات کی خصوصی پرفارمنس نے جشن کی رونق کو دوبالا کر دیا۔