Monday, May 12, 2025 | 14, 1446 ذو القعدة
  • News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • غازی آباد کے 10 اسکولوں میں موک ڈرل، سائرن بجنے پر طلبہ ڈیسک کے نیچے چھپ گئے

غازی آباد کے 10 اسکولوں میں موک ڈرل، سائرن بجنے پر طلبہ ڈیسک کے نیچے چھپ گئے

Reported By: Munsif TV | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: May 07, 2025 IST     

image
غازی آباد کے 10 اسکولوں میں آج ایک موک ڈرل کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ضلع مجسٹریٹ دیپک مینا مختلف محکموں کے افسران کے ساتھ نویوگ مارکیٹ میں واقع اسکول میں موجود رہے۔ موک ڈرل کے دوران طلباء کو تمام چیزیں تفصیل سے سمجھائی گئیں۔ جیسے ہی کلاس میں موجود طلباء نے ماک ڈرل کے دوران سائرن کی آواز سنی تو وہ اپنی حفاظت کے لیے فوراً ڈیسک کے نیچے چھپ گئے۔ دوسرا سائرن بجنے پر طلبہ باہر نکل آئے۔
 
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ دیپک مینا نے موک ڈرل کی تکمیل کے بعد طلباء سے بات چیت کی اور ان کی رائے لی۔ انہوں نے کہا کہ تمام نشان زدہ ا سکولوں میں کی گئی ماک ڈرل کامیاب رہی۔ ضلعی انتظامیہ اس بات کا جائزہ لے گی کہ کیا کوئی کوتاہی پائی گئی ہے جس کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔ غازی آباد سول ڈیفنس کے چیف وارڈن للت جیسوال کے مطابق، اسکول کے طلباء کو فضائی حملوں سے تحفظ کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے۔ طلباء کو سمجھایا گیا کہ فضائی حملے کے دوران وہ کسی بھی میز وغیرہ کے نیچے پناہ لیں۔
 

کن باتوں کا خیال رکھیں: 

انہوں نے مزید کہا کہ جن کھڑکیوں یا دروازوں میں شیشے لگے ہوں ان کے سامنے کھڑے نہ ہوں۔ اس کے علاوہ گیس اور بجلی سے چلنے والے آلات کو بند کر دینا ہے۔ اگر آپ گھر سے باہر ہیں تو کسی کھلی جگہ پر لیٹ جائیں اور اپنے سر کو اپنے ہاتھوں سے ڈھانپ لیں اور بلیک آؤٹ کے دوران گھر کے باہر کے کمروں کی لائٹس بند کر دیں تاکہ روشنی نہ جائے۔ اگر بہت ضروری ہو تو مدھم روشنی کو آن کریں اور کھڑکی پر پردے لگا دیں۔ لفٹ کے بجائے سیڑھیوں کا استعمال کریں اور انورٹر اور جنریٹر کو بند رکھیں۔
 

لوگوں کو آگاہ کیا جائے: 

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ غازی آباد کے تقریباً 10 اسکولوں کے تیس ہزار سے زائد طلباء کو موک ڈرل کے ذریعے آگاہ کیا گیا ہے۔ امید ہے کہ اسکول کے طلباء گھر جا کر اپنے گھر والوں کو اس بارے میں آگاہ کریں گے۔ اسکولوں میں لاگو ہونے والے ماڈل کے ذریعے شہر کے تقریباً دو لاکھ لوگ بیدار ہوں گے۔ بدھ کی شام غازی آباد کی پانچ ہائی رائز سوسائٹیوں میں بھی موک ڈرل کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ لوگوں کو بلیک آؤٹ کے بارے میں بھی آگاہ کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں لوگ اپنی حفاظت کے لیے اس معلومات کو استعمال کر سکیں۔