• News
  • »
  • صحت
  • »
  • برسات کے موسم میں بچوں کی بیماریاں: احتیاط،علامات اورعلاج

برسات کے موسم میں بچوں کی بیماریاں: احتیاط،علامات اورعلاج

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jul 17, 2026 IST

برسات کے موسم میں بچوں کی بیماریاں: احتیاط،علامات اورعلاج
منصف ٹی وی کے خصوصی صحت پروگرام "ہیلتھ اور ہم" میں آج "Monsoon Diseases in Children: Prevention, Early Detection & Timely Treatment" کے موضوع پر خصوصی گفتگو پیش کی گئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر پریتش ناگری، ماہر اطفال (Paediatrician)، رینبو چلڈرنز ہاسپٹلس، حمایت نگر، حیدرآباد نے برسات کے موسم میں بچوں کو لاحق ہونے والی عام بیماریوں، ان کی ابتدائی علامات، احتیاطی تدابیر اور بروقت علاج کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
 
ڈاکٹرپریتش ناگری نے بتایا کہ مانسون کے دوران نمی، آلودہ پانی، مچھروں کی افزائش اور جراثیم کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث بچوں میں مختلف انفیکشنز کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس موسم میں بچوں کا مدافعتی نظام نسبتاً کمزور ہونے کی وجہ سے وہ جلد بیماریوں کا شکار ہو سکتے ہیں، اس لیے والدین کو خصوصی احتیاط اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ برسات کے موسم میں بچوں میں وائرل بخار، ڈینگی، ملیریا، ٹائیفائیڈ، دست اور قے، معدے کے انفیکشن، نزلہ، زکام، کھانسی، فلو اور سانس کی بیماریاں عام طور پر دیکھنے میں آتی ہیں۔ اگر ان بیماریوں کی بروقت تشخیص نہ ہو تو یہ سنگین صورت اختیار کر سکتی ہیں، خصوصاً کم عمر بچوں میں پانی کی کمی(Dehydration) اور سانس لینے میں دشواری جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
 
ڈاکٹر نے والدین کو مشورہ دیا کہ اگر بچے کو مسلسل بخار، شدید کھانسی، سانس لینے میں دشواری، بار بار قے یا دست، جسم پر سرخ دھبے، غیر معمولی غنودگی، پانی کی کمی یا کھانے پینے سے انکار جیسی علامات ظاہر ہوں تو فوراً مستند ماہر اطفال سے رجوع کریں۔ خود سے اینٹی بایوٹکس یا دیگر ادویات دینے سے گریز کریں، کیونکہ ہر بخار یا انفیکشن کا علاج ایک جیسا نہیں ہوتا۔
 
بچاؤ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بچوں کو صرف صاف اور اُبالا ہوا یا فلٹر شدہ پانی پلائیں، تازہ اور متوازن غذا فراہم کریں، ہاتھ دھونے کی عادت ڈالیں، باہر کا غیر معیاری کھانا کھانے سے بچائیں اور گھر کے اطراف پانی جمع نہ ہونے دیں تاکہ مچھروں کی افزائش نہ ہو۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کا شیڈول مکمل رکھنا اور ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق ویکسین لگوانا کئی خطرناک بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔
 
ڈاکٹر پریتش ناگری نے اس بات پر زور دیا کہ والدین بیماری کی ابتدائی علامات کو نظر انداز نہ کریں، کیونکہ بروقت تشخیص اور فوری علاج سے نہ صرف پیچیدگیوں سے بچا جا سکتا ہے بلکہ بچے کی جلد صحت یابی بھی ممکن ہوتی ہے۔ انہوں نے متوازن غذا، مناسب نیند، جسمانی سرگرمی اور صفائی کو بچوں کے مضبوط مدافعتی نظام کے لیے ضروری قرار دیا۔
 
پروگرام کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ برسات کے موسم میں معمولی سی احتیاط، بروقت طبی مشورہ اور والدین کی آگاہی بچوں کو موسمی بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ کسی بھی غیر معمولی علامت کی صورت میں تاخیر کیے بغیر ماہر ڈاکٹر سے رجوع کریں تاکہ بچوں کی صحت اور مستقبل محفوظ رہ سکے۔
 
   قارئین آپ ڈاکٹر پریتش ناگری کی یہ ویڈیو یہاں دیکھ سکتےہیں۔ اور ساتھ  ہی صحت، اور موسمی امراض سے متعلق ماہرین کے ویڈیوز منصف ٹی وی ہیلتھ  پردیکھ سکتےہیں۔