• News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • محرم الحرام: وادی کشمیر میں فنِ خطاطی سے سجے بینرز اور جھنڈوں کی مانگ میں اضافہ

محرم الحرام: وادی کشمیر میں فنِ خطاطی سے سجے بینرز اور جھنڈوں کی مانگ میں اضافہ

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jun 30, 2025 IST     

image
عالمِ اسلام کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں بھی محرم الحرام کا مقدس اور متبرک مہینہ مذہبی جوش و عقیدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ یہ وہ مہینہ ہے جس میں حضرت امام حسین ؓ کربلا کے دیگر شہداء نے دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تھا۔ کربلا کی لازوال قربانی کی یاد میں وادی کشمیر میں ہر سمت، فنِ خطاطی سے مزین خوبصورت بینر اور جھنڈے دکھائی دیتے ہیں، جو امام عالی مقام کے پیغامِ حق کو زندہ رکھتے ہیں۔

محرم میں خطاطوں کی بڑھتی مصروفیت

محرم الحرام کے آغاز کے ساتھ ہی وادی میں بینروں اور جھنڈوں کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملتا ہے۔ شہر سرینگر کے پرانے علاقے کے معروف خطاط شجاعت غازی گزشتہ 30 برس سے محرم کے بینر اور جھنڈے بنانے کے فن سے وابستہ ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ محرم کے دنوں میں وہ اور دیگر خطاط دن رات ایک کر کے عزاداری کے ان علامات کو تیار کرتے ہیں، تاکہ امام حسین علیہ السلام کے پیغام کو لوگوں تک پہنچایا جا سکے۔

شجاعت غازی کا کہنا ہے

"یہ صرف بینر نہیں، بلکہ امام حسین علیہ السلام اور کربلا کے شہداء سے عقیدت اور محبت کا اظہار ہے۔ ہم ان پر قرآنی آیات، احادیث اور شہداء کے اسماء مبارکہ لکھتے ہیں۔ اس کام کے ذریعے ہم تاریخِ کربلا کو زندہ رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔"

 

بینر،عزاداری کی روحانی علامت

ان بینروں اور جھنڈوں پر اکثر قرآنی آیات، احادیث، اور کربلا کے شہداء کے نام تحریر کیے جاتے ہیں۔ شہر کے گلی کوچوں، امام باڑوں اور تاریخی مقامات پر یہ بینر نہ صرف محرم کی فضا کو پرجوش بناتے ہیں، بلکہ دیکھنے والوں کے دل میں عقیدت اور کربلا کی یاد تازہ کر دیتے ہیں۔ مقامی عزاداروں کا کہنا ہے کہ یہ بینر صرف کپڑے کے ٹکڑے نہیں، بلکہ حق و باطل کی جنگ کی وہ نشانی ہیں، جو آج بھی سچائی اور انصاف کا پیغام دے رہی ہیں۔

 

عزاداروں کا عقیدت بھرا جذبہ

ایک عزادار نے کہا:"جب ہم ان بینروں کو دیکھتے ہیں تو امام حسین علیہ السلام کی قربانی اور کربلا کے شہداء کا غم تازہ ہو جاتا ہے۔ یہ ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا اور حق کے لیے ڈٹ جانا حسینیت کا اصل پیغام ہے۔"وادی کشمیر میں محرم الحرام کے دوران خطاطی سے مزین یہ بینر اور جھنڈے نہ صرف عزاداری کی علامت ہیں بلکہ حسینیت کے پیغام کو نئی نسل تک منتقل کرنے کا ذریعہ بھی بنے ہوئے ہیں۔ ہر سال ہزاروں کی تعداد میں یہ بینرتیار کیے جاتے ہیں، جو کربلا کی یاد اور حق و انصاف کی تحریک کو ہمیشہ زندہ رکھتے ہیں۔