Sunday, October 26, 2025 | 04, 1447 جمادى الأولى
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • آر جے ڈی کے لیے مسلم کمیونٹی صرف ووٹ بینک ہے ،مسلمانوں کو سمجھنا چاہیے! چراغ پاسوان

آر جے ڈی کے لیے مسلم کمیونٹی صرف ووٹ بینک ہے ،مسلمانوں کو سمجھنا چاہیے! چراغ پاسوان

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Oct 25, 2025 IST

آر جے ڈی کے لیے مسلم کمیونٹی صرف ووٹ بینک ہے ،مسلمانوں کو سمجھنا چاہیے! چراغ پاسوان
لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) کے سربراہ چراغ پاسوان نے آر جے ڈی پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ  آر جے ڈی بہاری مسلمانوں کو مناسب سیاسی نمائندگی دینے میں ناکام رہی ہے۔ یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب مہاگٹھ بندھن نے آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو کو اپنا وزیراعلیٰ امیدوار اور وی آئی پی کے سربراہ مکیش ساہنی کو اپنا نائب وزیراعلیٰ امیدوار نامزد کیا۔
 
2005 میں آر جے ڈی نے میرے والد کی حمایت نہیں کی تھی:
 
ایکس پر ایک پوسٹ میں، چراغ نے 2005 کے بہار اسمبلی انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے والد نے ’’ایک مسلم وزیراعلیٰ بنانے کے لیے اپنی پارٹی تک قربان کر دی تھی،‘‘ لیکن آر جے ڈی نے اس اقدام کی حمایت نہیں کی۔انہوں نے الزام لگایا کہ آر جے ڈی اس وقت بھی کسی مسلم وزیراعلیٰ کی حمایت کے لیے تیار نہیں تھی اور اب بھی وہ انہیں اقتدار میں مناسب حصہ دینے کو تیار نہیں ہے۔  
 
چراغ  نے ایکس پر پوسٹ کیا، ’’2005 میں، میرے لیڈر، میرے والد، رام ولاس پاسوان  نے ایک مسلم وزیراعلیٰ بنانے کے لیے اپنی پارٹی تک قربان کر دی تھی ، پھر بھی آپ نے ان کا ساتھ نہیں دیا۔ آر جے ڈی 2005 میں بھی مسلم وزیراعلیٰ کے لیے تیار نہیں تھی، اور آج 2025 میں بھی وہ نہ تو مسلم وزیراعلیٰ دینے کو تیار ہے اور نہ ہی نائب وزیراعلیٰ!
 
انہوں نے مسلمانوں کو مخاطب کرتے ہوئے سوال کیاکہ’’اگر آپ بندھوا ووٹ بینک بنے رہیں گے، تو آپ کو عزت اور شراکت کیسے ملے گی؟
 
اس سے قبل، پاسوان نے بہار انتخابات کے لیے مہاگٹھ بندھن کے قائدین کے انتخاب کے طریقے پر تنقید کی تھی اور گٹھ بندھن پر مسلمانوں کو صرف ووٹ بینک سمجھنے کا الزام لگایا تھا۔  
 
جمعہ کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے چراغ پاسوان نے کہا، ’’یہ وہی آر جے ڈی ہے جسے 2005 میں میرے والد نے کہا تھا کہ انہیں کسی مسلم کو وزیراعلیٰ بنانا چاہیے۔ انہوں نے کسی مسلم کو وزیراعلیٰ کیوں نہیں بنایا؟ وہ کچھ اور کہتے ہیں اور کرتے کچھ اور ہیں۔ ان کے لیے مسلمان صرف ان کا ووٹ بینک ہیں۔ مسلمانوں کو یہ سمجھنا چاہیے اور ہماری حکومت کی اسکیمیں سب کو فائدہ پہنچانے کے لیے ہیں۔‘‘  
 
تیجسوی یادو ہوں گے وزیراعلیٰ کے عہدے کا چہرہ:  
 
جمعرات کو، مہاگٹھ بندھن نے گٹھ بندھن میں اپنے مرکزی چہرے کے بارے میں جاری قیاس آرائیوں کو ختم کر دیا۔ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے لیڈر اور بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو کو وزیراعلیٰ کے عہدے کا چہرہ نامزد کیا گیا۔  وکاسشیل انسان پارٹی کے مکیش ساہنی کو ریاستی انتخابات کے لیے گٹھ بندھن کا نائب وزیراعلیٰ امیدوار نامزد کیا گیا۔  
 
2025 کے بہار انتخابات میں بنیادی مقابلہ این ڈی اے اور مہاگٹھ بندھن کے درمیان ہوگا۔ اسمبلی انتخابات دو مرحلوں میں 6 اور 11 نومبر کو ہوں گے۔ نتائج 14 نومبر کو اعلان کیے جائیں گے۔