ہندوستانی میڈیکل کالجوں میں داخلے کے لیے نیٹ پی جی 2025 کے امتحان کی تاریخ سامنے آگئی ہے۔15جون کو ہونے والا NEET PG امتحان اب 3 اگست 2025 کو ہوگا۔ سپریم کورٹ نے نیشنل بورڈ آف ایگزامینیشن (این بی ای) کو 3 اگست کو امتحان کرانے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ وہ مطمئن ہے کہ بورڈ کی طرف سے مجوزہ تاریخ کے لیے دی گئی وجوہات درست تھے۔امتحان دو کی بجائے ایک شفٹ میں ہوگا۔ NBE نے امتحانی عمل کو دوبارہ ترتیب دینے کے لیے اضافی وقت مانگا تھا۔
یاد رہے کہ یہ امتحان پہلے اس سال 15 جون کو دو شفٹوں میں منعقد ہونا تھا۔ لیکن سپریم کورٹ کی جانب سے امتحان ایک ہی شفٹ میں کرانے کی ہدایت کے بعد اسے ملتوی کر دیا گیا۔ سپریم کورٹ نے 30 مئی 2025 کو اپنے حکم میں کہا کہ دو شفٹوں میں امتحان کا انعقاد "من مانی" اور "غیر منصفانہ" ہے، کیونکہ مختلف شفٹوں میں سوالیہ پرچوں کی مشکل کی سطح میں فرق ہو سکتا ہے۔ عدالت نے NBEMS کو ہدایت دی کہ وہ امتحان ایک ہی شفٹ میں منعقد کرے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے کافی تعداد میں محفوظ امتحانی مراکز کا انتظام کرے۔
3 اگست کو صبح 9 بجے سے 12:30 بجے تک ہوگا امتحان:
این بی ای ایم ایس نے سپریم کورٹ میں دائر اپنی عرضی میں کہا ہے کہ ایک ہی شفٹ میں امتحان کے انعقاد کے لیے اضافی امتحانی مراکز، نگرانی کرنے والے، سیکورٹی اہلکار اور تکنیکی انتظامات کی ضرورت ہوگی۔ اس کے لیے این بی ای ایم ایس نے اپنے تکنیکی پارٹنر ٹاٹا کنسلٹنسی سروسز (ٹی سی ایس) کے ساتھ مل کر 3 اگست کو امتحان کے انعقاد کی تاریخ تجویز کی تھی۔ عدالت نے جمعرات کو این بی ای ایم ایس کی اس تجویز کو قبول کرتے ہوئے 3 اگست 2025 کو صبح 9:00 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک ایک ہی شفٹ میں امتحان کے انعقاد کی منظوری دے دی۔