ملک بھر میں بھائی اور بہن کے درمیان محبت، اعتماد اور تحفظ کے مقدس رشتے کی علامت رکشا بندھن کا تہوار جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ملک کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے خوشی، امن، خوشحالی اور باہمی اعتماد کی نیک خواہشات پیش کیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے رکشا بندھن کے موقع پر قوم کے نام خصوصی پیغام شیئر کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ یہ مبارک تہوار ہر شہری کی زندگی میں خوشی، خوشحالی اور کامیابی لے کر آئے۔ وزیر اعظم نے بھائیوں اور بہنوں کے درمیان محبت، اتحاد اور باہمی اعتماد کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے ذریعے ملک کے عوام کو رکشا بندھن کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تہوار بھائیوں اور بہنوں کے درمیان محبت اور اعتماد کے مضبوط اور اٹوٹ رشتے کی علامت ہے۔ امت شاہ نے دعا کی کہ رکشا بندھن ہر شخص کی زندگی میں خوشی، امن اور خوشحالی لے کر آئے۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی اس موقع پر ہم وطنوں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ رکھشا بندھن بھائیوں اور بہنوں کے درمیان گہرے رشتے، اٹوٹ محبت اور باہمی اعتماد کا خوبصورت جشن ہے۔ ان کے مطابق یہ تہوار ہندوستان کے شاندار ثقافتی ورثے اور روایتی اقدار کی بھی عکاسی کرتا ہے۔
راج ناتھ سنگھ نے اس موقع پر خواتین کے احترام، تحفظ اور وقار پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ رکشا بندھن صرف ایک تہوار نہیں بلکہ معاشرے کو خواتین کے احترام اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داری یاد دلانے کا موقع بھی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس مبارک موقع پر معاشرہ خواتین کے احترام، خود اعتمادی اور بااختیار بنانے کے حوالے سے مزید حساس اور باشعور ہوگا۔ رکشا بندھن کے موقع پر ملک کے اعلیٰ رہنماؤں کے پیغامات میں ایک طرف بھائی بہن کے مقدس رشتے کی اہمیت اجاگر کی گئی، تو دوسری جانب خواتین کے احترام، تحفظ اور بااختیار بنانے کے عزم کو بھی نمایاں کیا گیا۔