• News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • نتن یاہو نے ڈونالڈ ٹرمپ کو امن کے نوبل انعام کیلئے کیا نامزد

نتن یاہو نے ڈونالڈ ٹرمپ کو امن کے نوبل انعام کیلئے کیا نامزد

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Jul 08, 2025 IST     

image
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مختلف ممالک پر عائد ٹیرف کے بارے میں ایک خط جاری کیاہے۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر دو صفحات پر مشتمل خط جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ امریکا جاپان اور جنوبی کوریا پر 25 فیصد ٹیرف لگائے گا۔ نئی ٹیرف کی شرحیں یکم اگست 2025 سے لاگو ہوں گی۔ٹرمپ نے دونوں ممالک سے کہاکہ اگر ان کی کمپنیاں امریکہ میں اپنا سامان بناتی ہیں تو ان پر کوئی ٹیرف نہیں لگایا جائے گا۔ 
 
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے یہ دھمکی بھی دی ہے کہ اگر جنوبی کوریا یا جاپان نے امریکہ کے خلاف جوابی ٹیرف ایکشن لیا تو اس میں 5 فیصد سے زیادہ اضافہ کر دیا جائے گا۔ ٹرمپ نے جاپان اور جنوبی کوریا سے کہاکہ اگر آپ کسی بھی وجہ سے اپنے ٹیرف میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو آپ جو رقم بڑھاتے ہیں اسے ہماری طرف سے عائد کردہ 25 فیصد میں شامل کر دیا جائے گا۔
 
وہیں پاکستان کے بعد اب اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امن کے نوبل انعام کیلئے نامزد کر دیا ہے۔ غزہ میں جنگ بندی کی کوششوں کے درمیان اسرائیلی وزیر اعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں عشائیہ کیلئے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے یہ بات ٹرمپ کو بتائی۔ انہوں نے امریکی صدر کو نوبل پرائز کمیٹی کو بھیجا گیا خط بھی پیش کیا۔اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ میں آپ کو نوبل پرائز کمیٹی کو بھیجا گیا خط دکھانا چاہتا ہوں۔ اس میں آپ کو امن انعام کیلئے نامزد کیا گیا ہے جس کے آپ حقدار ہیں۔ اس پر ٹرمپ نے نیتن یاہو کا شکریہ ادا کیا۔ 
 
ٹرمپ نے کہاکہ مجھے اس کے بارے میں نہیں معلوم تھا لیکن جان کر بہت خوشی ہوئی ۔اپنی اہلیہ سارہ کے ساتھ رات کے کھانے کیلئے وائٹ ہاؤس پہنچنے والے نیتن یاہو نے اس دوران ٹرمپ کی زبردست تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور دنیا بھر کے بہت سے لوگ ان کی تعریف کرتے ہیں۔ نیتن یاہو نے کہا کہ میں نہ صرف تمام اسرائیلیوں کی جانب سے بلکہ یہودی عوام اور دنیا بھر کے بہت سے مداحوں کی جانب سے بھی ٹرمپ کی قیادت کی تعریف کرنا چاہتا ہوں۔