مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کو کہا کہ نریندر مودی حکومت کی طرف سے متعارف کرائے گئے تین نئے فوجداری قوانین تین اہم ستونوں – ٹیکنالوجی، ٹائم لائن اور اعتماد پر قائم ہیں اور ان کا مقصد شہریوں کو انصاف کی تیز رفتار اور زیادہ موثر فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ امت شاہ نے گوریمیدو کے پولیس ٹریننگ اسکول گراؤنڈ میں پڈوچیری پولیس کو صدرِ جمہوریہ کا رنگ (President’s Colour) پیش کرنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کیا۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ نیا قانونی نظام نوآبادیاتی دور کے فوجداری نظامِ انصاف سے ایک اہم تبدیلی کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا زیادہ استعمال اور تفتیش اور عدالتی طریقہ کار کے لیے واضح طور پر متعین ٹائم لائنز فوجداری نظام انصاف کو مزید موثر، شفاف اور شہریوں پر مرکوز بنانے میں معاون ثابت ہوں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ انصاف کی فراہمی کے طریقہ کار پر عوام کا اعتماد پیدا کرنا بھی اتنا ہی اہم ہے۔
تین قوانین - بھارتیہ نیا سنہتا( Bharatiya Nyaya Sanhita)، بھارتی شہری تحفظ سنہتا (Bharatiya Nagarik Suraksha Sanhita) اور بھارتیہ ساکشیہ ادھینیم -,(Bharatiya Sakshya Adhiniyam) نے بالترتیب انڈین پینل کوڈ، کوڈ آف کریمنل پروسیجر اور انڈین ایویڈینس ایکٹ کی جگہ لے لی۔
مرکزی وزیر داخلہ نے صدر پولیس کلر حاصل کرنے پر پڈوچیری پولیس کو مبارکباد دی ، امت شاہ نے اس اعزاز کو کسی بھی نظم و ضبط والی پولیس فورس کی تاریخ میں سب سے قابل فخر لمحات میں سے ایک قرار دیا۔امت شاہ نے کہا کہ 5,000 سے کم اہلکاروں کی تعداد کے باوجود، پڈوچیری پولیس امن و امان کو برقرار رکھنے، داخلی سلامتی کو یقینی بنانے اور یونین ٹیریٹری اور اس کے لوگوں کی حفاظت کی ذمہ داری نبھا رہی ہے۔ انہوں نے پڈوچیری کے بھرپور روحانی اور ثقافتی ورثے پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ پولس فورس کی مرکزی زیر انتظام علاقے کے وقار اور سلامتی کی حفاظت کی ایک اہم ذمہ داری ہے۔
پریسیڈنٹ پولیس کلر سے نوازے جانے کے ساتھ ہی پڈوچیری ملک کی 18ویں ریاست یا مرکز کے زیر انتظام علاقہ بن گیا ہے جس نے باوقار شناخت حاصل کی ہے۔پریسیڈنٹ پولیس کلر کو اعلیٰ ترین اعزاز سمجھا جاتا ہے جو کسی پولیس فورس کو اس کی ممتاز خدمات اور پیشہ ورانہ مہارت کے اعتراف میں دیا جا سکتا ہے۔
اس تقریب میں لیفٹیننٹ گورنر کے کیلاش ناتھن، وزیر اعلیٰ این رنگاسامی، ریاستی وزیر داخلہ اے نماسیویام، پولیس ڈائریکٹر جنرل شالنی سنگھ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ایچ ایم ، اتوار کو بعد میں پڈوچیری میں ایک اور پروگرام میں بھی شرکت کریں گے۔ وہ یوم آزادی سے قبل قومی پرچم اور حب الوطنی کی شرکت کو فروغ دینے والے پروگراموں کے ایک حصے کے طور پر مروگا تھیٹر سگنل پر ہر گھر ترنگا یاترا کو جھنڈی دکھائیں گے۔