دنیا نے ایک بار پھر وقت کے نئے سفر کا آغاز کر دیا ہے۔ کریتیمتی 2026 کا استقبال کرنے والا دنیا کا پہلا مقام بن گیا ہے۔ بین الاقوامی تاریخ کی بنیاد پر نیا سال یہاں جلد داخل ہوگا۔ ہندوستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3.30 بجے نیا سال یہاں داخل ہوا ہے۔ اس کے ساتھ ہی مقامی لوگ آتش بازی کر کے نئے سال کا جوش و خروش سے جشن منا رہے ہیں۔
نئے سال دو ہزار چھبیس کی آمد کا سلسلہ سب سے پہلے جنوبی بحرالکاہل سے شروع ہوا، جہاں نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ نے دنیا کے بڑے شہروں میں سب سے پہلے نئے سال کا استقبال کیا۔ آکلینڈ کے مشہور اسکائی ٹاور پر شاندار آتش بازی نے آسمان کو روشن کر دیا، جہاں ہزاروں افراد نے بارش کے باوجود نئے سال کی خوشیاں منائیں۔اسی کے ساتھ دنیا بھر میں نئے سال کی تقریبات کا عالمی سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔
دنیا بھر میں نئے سال کی آمد کا جشن مختلف انداز اور رنگوں کے ساتھ منایا جا رہا ہے، اور ہر شہر اپنی پہچان کے مطابق اس لمحے کو یادگار بنا رہا ہے۔عیش و عشرت اور جدید ٹیکنالوجی کے حوالے سے مشہور دبئی میں نئے سال کی رات ایک بار پھر شاندار مناظر پیش کیے گئے۔برج خلیفہ آتش بازی، لیزر شو اور موسیقی کے امتزاج کا مرکز رہا، جبکہ پام جمیرہ، دبئی فاؤنٹین اور دیگر اہم مقامات پر بھی دلکش روشنیوں نے آسمان کو جگمگا دیا۔آسٹریلیا کا شہر سڈنی نئے سال کا استقبال کرنے والے اولین بڑے شہروں میں شامل ہے۔
سڈنی ہاربر برج اور اوپیرا ہاؤس کے اطراف آتش بازی کا شاندار مظاہرہ ہوا، جسے دیکھنے کے لیے لاکھوں افراد ساحلی علاقوں اور عمارتوں کی چھتوں پر جمع ہوئے۔سمندر میں موجود کشتیاں بہترین نظارہ فراہم کرتی رہیں، جبکہ شہر بھر میں موسیقی، اسٹریٹ پارٹیز اور ثقافتی سرگرمیوں نے جشن کو مزید رنگین بنا دیا۔تاہم سڈنی میں ایک افسوسناک واقعے کے باعث بونڈائی بیچ پر نئے سال کی تقریبات منسوخ کر دی گئیں، جہاں ایک فائرنگ کے واقعے میں پندرہ افراد جان سے گئے۔
نیوزی لینڈ کا شہر آکلینڈ ٹائم زون کے باعث نئے سال کا آغاز سب سے پہلے کرنے والے بڑے شہروں میں شمار ہوتا ہے۔اسکائی ٹاور سے ہونے والی آتش بازی شہر کے مختلف حصوں سے دیکھی گئی، جبکہ کنسرٹس، ثقافتی پروگرامز اور واٹر فرنٹ ایونٹس میں مقامی افراد اور سیاحوں نے بھرپور شرکت کی۔امریکہ میں نیویارک سٹی نئے سال کی تقریبات کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ٹائمز اسکوائر میں مشہور بال ڈراپ دیکھنے کے لیے ہزاروں افراد سرد موسم کے باوجود سڑکوں پر موجود رہے، جبکہ کروڑوں ناظرین نے دنیا بھر میں اس لمحے کو براہ راست دیکھا۔ لندن میں دریائے ٹیمز کے کنارے آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، جہاں لندن آئی اور بگ بین جشن کا دلکش پس منظر بنے۔
وہیں اسکاٹ لینڈ کے شہر ایڈنبرا میں مشہور ہوگمانے فیسٹیول کے تحت کئی روزہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں آتش بازی، مشعل بردار جلوس اور روایتی رقص شامل تھے۔ اس طرح دنیا کے مختلف خطوں میں روشنیوں، موسیقی اور جوش و خروش کے ساتھ نئے سال کا استقبال کیا گیا۔