وزیراعظم کے بیرونی دورہ سے واپسی کے بعد بی جے پی نے دہلی میں حکومت بنانے اور علاقہ کے لوگوں کو نیا چیف منسٹر دینے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ اس سلسلہ میں اطلاعات ہیں کہ بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ 19 فروری کو ہوسکتی ہے اور نئے چیف منسٹر کی حلف برداری کی تقریب 20 فروری کو ہوسکتی ہے۔ بی جے پی کی جانب سے ابھی اس سلسلہ میں کوئی بیان جاری نہیں کیاگیاہے تاہم ذرائع کے مطابق دہلی کے لوگوں کو 20 فروری کو نیا چیف منسٹر ملنا تقریباً طئے ہے۔ اس دوڑ میں کئی چہرے شامل ہیں جس میں سابق مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی کا نام بھی شامل ہے۔
یاد رہے کہ بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس پہلے آج یعنی پیر 17 فروری کو ہونا تھا لیکن اب اسے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اس کے پیچھے کی وجوہات سامنے نہیں آئی ہیں۔حلف برداری کی تقریب کی ذمہ داری بی جے پی کے دو قومی جنرل سکریٹری ونود تاوڑے اور ترون چُگ کو دی گئی ہے۔ ساتھ ہی بتا دیں کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے بی جے پی کے دعویداروں کی فہرست بڑھتی جا رہی ہے۔ صرف ایک ایم ایل اے کو وزیر اعلی بنانا ہے، ایسے میں اب تک 10 سے زیادہ نام سامنے آ چکے ہیں۔سب سے مضبوط دعویدار پرویش ورما، ریکھا گپتا، ستیش اپادھیائے، وجیندر گپتا، شیکھا رائے، ہریش کھورانہ اور منجندر سنگھ سرسا بتائے جاتے ہیں۔دیگر کے علاوہ، نیرج بوسیا، کپل مشرا، رویندر نیگی، راجکمار بھاٹیہ کے نام بھی گردش کر رہے ہیں۔
چھتیس گڑھ میں پنچایت انتخابات کیلئے ووٹنگ کاعمل جاری
چھتیس گڑھ میں پنچایت انتخابات کیلئے ووٹنگ کاعمل شروع ہوچکا ہے جو شام 6 بجے تک جاری رہے گا۔ ووٹنگ کے آغاز کے ساتھ ہی مقامی عوام بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کیلئے پولنگ بوتھ پر جمع ہوگئی۔ اس دوران ووٹنگ کے پرامن انعقاد کیلئے سیکوریٹی کے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں۔ کئی پولنگ بوتھس پر عوام کی بڑی تعداد دیکھی جاری ہے جس سے لوگوں میں رائے دہی کو لیکر جوش وخروش کا اندازہ لگایا جاسکتاہے۔