• News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • بھوک برداشت کرنے سے قاصر بے گناہ لوگوں پراسرائیلی فوج نے کی گولیوں کی بارش۔93 فلسطینی شہید

بھوک برداشت کرنے سے قاصر بے گناہ لوگوں پراسرائیلی فوج نے کی گولیوں کی بارش۔93 فلسطینی شہید

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jul 21, 2025 IST     

image
اسرائیل حماس جنگ کی وجہ سے غزہ صحرا بن گیا ہے۔ غزہ میں جگہ جگہ لاشیں اورعمارتوں کے کھنڈرات نظر آرہے ہیں۔ غزہ کے شہری کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ فلسطینی خوراک اور پانی کے بغیر بھوک سے مررہے ہیں۔ فلسطین کےعوام اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور حماس کے کی جوابی فائرنگ کے درمیان کچلے جا رہے ہیں۔ اس تناظر میں اقوام متحدہ کے اداروں نے غزہ کے شہریوں کی بھوک کو پورا کرنے کے لیےغزہ میں انسانی امداد کے مراکز قائم کیے ہیں۔ لیکن یہ مراکز بھوکےپیاسےلوگوں کیلئے موت کےکنوں بن چکےہیں۔

 انسانی امداد کےمراکز اجتماعی قتل خانوں میں تبدیل

 بھوکے پیاسے لوگ جوق در جوق اِن مراکز کا رخ کر رہے ہیں۔ لوگ بھوک برداشت کرنے سے قاصر ہیں۔ فوجی ان ہجوم پر قابو پانے کے لیے فائرنگ کر رہے ہیں۔ حال ہی میں، اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں خوراک کی تقسیم کے ایک مرکز پر جمع ہونے والے ہجوم پر قابو پانے کے لیے فائرنگ کی، اور اس واقعے میں 93 افراد مارے گئے۔ اس فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کی تعداد بھی درجنوں میں ہے۔ان میں سے آٹھ فلسطینیوں کو اس وقت شمالی غزہ میں ہلاک کیا گیا جب ٹرکوں پر وہاں امدادی سامان اور خوراک پہنچی۔ جبکہ نو افراد کو فائرنگ کر کے رفح کے علاقے میں ہلاک کیا گیا۔ اسرائیلی ڈیفنس فورسز بھوک برداشت کرنے سے قاصر بے گناہ لوگوں پر گولیوں کی بارش کر رہی ہے۔

بھوکوں میں موت کی تقسیم 

خوراک کے حصول کے لیے آنے والوں میں موت بانٹنے کا یہ واقعہ رفح کے جنوب میں پیش آیا۔ اس سے محض چوبیس گھنٹے پہلے بھی درجنوں فلسطینیوں کو اسی علاقے میں قتل کیا گیا تھا۔شہری دفاع کے ادارے کے ترجمان محمود باسل کے مطابق چار بھوکے اور قحط زدہ فلسطینیوں کو خان یونس میں قائم کیے گئے امدادی مرکز کے نزدیک فائرنگ سے ہلاک کیا گیا تھا۔

ہجوم سےخوفزدہ ہوکرکی فائرنگ:اسرائیلی فوج

 اقوام متحدہ کے ادارے ' ورلڈ فوڈ پروگرام' نے کہا اس کے 25 ٹرک خوراک لے کر آئے تو ان کا سامنا بہت بڑے ہجوم سے ہوا۔ یہ ہجوم بھوک سے بے حال ہو چکے فلسطینیوں کا تھا۔ یہ ہجوم جیسے ہی اسرائیلی فوج کی چیک پوائنٹس سے آگے آیا تو اس پر فائرنگ  کر دی گئی۔ یہ واقعہ غزہ سٹی کے نزدیک پیش آیا۔
اسرائیلی فوج نے اس موقع پر بھی اپنے مؤقف میں وہی بتایا کہ اس کے فوجیوں کو اتنے بڑے ہجوم سے خوف ہوا کہ یہ اس پر حملہ نہ کر دیں کہ یہ ہزاروں کی تعداد میں تھے۔ اس لیے فوجیوں نے انتباہی فائرنگ کی۔

 اس طرح امداد اور خوراک ناقابل قبول

عالمی پروگرام برائے خوراک نے شہریوں کو اس طرح امداد اور خوراک دینے کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ اسرائیلی فوج کا جواب گھڑا گھڑایا ہے کہ اس کے فوجیوں کو خوف محسوس ہوا۔ اس لیے انہوں نے انتباہی فارنگ کی تھی۔

اجتماعی سزا کا سلسلہ روکا جائے

کیتھولک فرقے کے سے بڑے اور معتبرعہدے دار پوپ لیو نے  مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں جاری جنگ کو اب ختم کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا 'میں بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کرتا ہوں کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دیکھے اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ نیز شہریوں کو بلا امتیاز دی جانے والی اجتماعی سزا کا سلسلہ روکا جائے اور جبری نقل مکانی کا خاتمہ کیا جائے۔