Friday, June 06, 2025 | 10, 1446 ذو الحجة
  • News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • پی ڈی پی صدر نے کی کشمیری پنڈتوں کے ریزرویشن کی وکالت۔ محبوبہ مفتی نے لیفٹنیٹ گورنرمنوج سنہا سے کی ملاقات

پی ڈی پی صدر نے کی کشمیری پنڈتوں کے ریزرویشن کی وکالت۔ محبوبہ مفتی نے لیفٹنیٹ گورنرمنوج سنہا سے کی ملاقات

Reported By: Munsif TV | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jun 02, 2025 IST     

image
جموں کشمیرکی سابق وزیراعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے پیر کو جموں و کشمیرمیں کشمیری پنڈتوں کے لیے ریزرویشن کی وکالت کی اور کہا کہ کشمیری مسلمانوں پر کشمیری پنڈتوں کے انخلا کا جو دھبہ لگا ہے، اْسے مٹانے کا وقت آ گیا ہے۔
 

محبوبہ مفتی کی لیفٹیننٹ گورنرسےملاقات

محبوبہ مفتی نے جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا سے پیرکوملاقات کی۔ پچھلے پانچ سالوں میں یہ پہلا موقع تھا جب انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر کو ایک تفصیلی خط دیا، جس میں کشمیری پنڈتوں کی ان کے آبائی مقامات پر واپسی اور بحالی کے لیے ایک روڈ میپ لکھا گیا تھا۔ سابق وزیراعلیٰ اور پی ڈی پی صدر نے ایل جی سے ملاقات کےبعد پریس کانفرنس سےخطاب کیا۔ محبوبہ مفتی نے، کہا کہ انہوں نے منوج سنہا سے کئی اہم مطالبات اٹھائے، جن میں کشمیری پنڈتوں کو سیاسی طور پر بااختیار بنانا، عید کے پیشِ نظرجیلوں میں قید افراد کی رہائی اور امرناتھ یاترا کے پرامن انعقاد کے لیے مقامی لوگوں کو شامل کرنا ہیں۔
 

پنڈتوں کو ریزرویشن دیا جائے

محبوبہ مفتی نے کہا، کشمیری پنڈتوں کو سیاسی طور پر بااختیار بنانے کی ضرورت ہے، اور اس کے لیے   پندتوں کو ریزرویشن دیا جانا چاہیے۔  ان کا کہنا ہے کہ اسی طریقے سے ہم حقیقی انضمام کو یقینی بنا سکتے ہیں۔ محبوبہ مفتی نے مزید کہا کہ انھوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے کہا کہ مرکز کو یہ پیغام پہنچایا جائے کہ کشمیری پنڈتوں کو نامزد کرنے کے بجائے انہیں ریزرویشن دیا جائے۔ پی ڈی پی صدر نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کی واپسی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک انہیں بااختیار نہیں بنایا جائے اور اب وقت آ گیا ہے کہ کشمیری مسلمانوں پر لگے اس دھبے کو مٹانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کیا جائے۔ مفتی کا یہ بیان گاندربل ضلع میں کھیر بھوانی میلے سے ایک دن پہلے آیا ہے۔ 3 جون کو ملک اور باہر سے ہزاروں کشمیری پنڈت  'جیٹھ استھمی' منانے کے لیے مندر میں جمع ہوں گے۔

 امرناتھ یاترا اور قیدیوں کی رہائی پر گفتگو

پی ڈی پی صدر نے بتایا کہ امرناتھ یاترا کے انعقاد پر بھی منوج سنہا سے گفتگو ہوئی اور مطالبہ کیا کہ یاترا کی ذمہ داریاں بانٹنے میں مزید مقامی لوگوں کو شامل کیا جائے، جو ہمیشہ اس سالانہ یاترا کے پرامن انعقاد میں مددگار رہے ہیں۔ محبوبہ مفتی نے مزید کہا کہ کشمیریوں کی رہائی بھی ان کا مطالبہ تھا۔ جو افراد  ملک کی  مختلف جیلوں میں قید ہیں، انہیں واپس لایا جائے۔ جن پر کوئی سنگین الزامات نہیں ہیں انہیں عید کے پیش نظر رہا کیا جائے۔
 

عمرعبداللہ خود اپنی حکومت کو کمزور کررہے ہیں

محبوبہ مفتی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزیراعلیٰ عمرعبداللہ خود اپنی منتخب حکومت کو کمزور کررہے ہیں۔ انہوں نے وقف بل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ عمرعبداللہ نے اس اہم مسئلے پر بحث کرنے کے بجائے ٹیولپ گارڈن میں مرکزی وزیر کا استقبال کرنا زیادہ ضروری سمجھا۔ انھوں نے بتایاکہ وہ تب بھی  یہ تمام مطالبات عمرعبداللہ کے ساتھ اٹھائے ہیں۔