وزیراعظم نریندر مودی آج جمعہ، 21 نومبر 2025 کوجوہانسبرگ، جنوبی افریقہ کے لیے روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ 21 سے 23 نومبر 2025 تک منعقد ہونے والے 20ویں G20 لیڈرز سمٹ میں شرکت کریں گے۔ یہ اجلاس جنوبی افریقہ کی میزبانی میں ہو رہا ہے اور خاص بات یہ ہے کہ پہلی بار G20 سربراہ اجلاس افریقی براعظم میں منعقد ہو رہا ہے۔ ساتھ ہی یہ لگاتار چوتھی بار ہے جب G20 کانفرنس گلوبل ساؤتھ میں ہو رہی ہے۔
جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا کی دعوت پر سفر پر روانہ ہوتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہا کہ یہ اجلاس کئی معنوں میں اہم ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ بھارت کی G20 صدارت (2023) میں افریقی یونین کو G20 کی مستقل رکنیت دی گئی تھی اور اب یہ سمٹ افریقہ میں منعقد ہونا اس تاریخی قدم کو مزید مضبوط بناتا ہے۔
اس سال کے G20 سربراہی اجلاس کا موضوع کیا ہے؟
اس سال کے G20 سربراہی اجلاس کا موضوع "یکجہتی، مساوات، اور پائیداری" ہے۔ یہ تھیم ہندوستان اور برازیل میں منعقدہ پچھلی دو سربراہی کانفرنسوں کے تسلسل پر استوار ہے۔پی ایم مودی نے کہا کہ وہ 'واسودھائیو کٹمبکم' - ایک زمین، ایک خاندان، ایک مستقبل کے خیال پر مبنی کانفرنس میں ہندوستان کا وژن پیش کریں گے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم مودی 6ویں IBSA (انڈیا۔برازیل۔جنوبی افریقہ) سمٹ میں بھی شرکت کریں گے۔ یہاں تینوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون، عالمی چیلنجز، معاشی شراکت داری اور ترقیاتی ایجنڈے پر بات چیت ہوگی۔اسکے علاوہ جنوبی افریقہ میں ہندوستانی نژاد آبادی کی بڑی تعداد ہے، اور پی ایم مودی نے کہا کہ وہ وہاں ہندوستانی کمیونٹی سے ملنے کے منتظر ہیں، جو دنیا کے سب سے بڑے ہندوستانی ڈاسپورا گروپوں میں سے ایک ہے۔