افریقی ممالک کے دورے پر گئے پی ایم مودی کو گھانا میں دی آفیسر آف دی آرڈر آف دی اسٹار آف گھانا کے اعزاز سے نوازا گیا۔ گھانا کے دارالحکومت میں ایک پروگرام کے دوران ملک کے صدر مہاما نے پی ایم مودی کو اعزاز سے نوازا۔گھانا میں دی آفیسر آف دی آرڈر آف دی اسٹار آف گھانا سے نوازے جانے پر وزیر اعظم مودی نے کہاکہ گھانا کے اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا جانا میرے لیے بڑے فخر اور اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں صدر مہاما، گھانا کی حکومت اور گھانا کے عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔واضح رہے کہ گزشتہ تین دہائیوں میں کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا گھانا کا یہ پہلا دورہ ہے۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم کو یہ ایوارڈ ان کی شاندار مدبرانہ صلاحیت اور متاثر کن عالمی قیادت کیلئے دیا گیا ہے۔ مودی نے یقین ظاہر کیا کہ گھانا کا ان کا تاریخی سرکاری دورہ ہندوستان۔گھانا تعلقات کو نئی تحریک دے گا۔
وزیراعظم نریندر مودی نے گھانا کے صدر اور نائب صدر سے ملاقات کی۔ اس دوران ہندوستان اور گھانا کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ اس کے علاوہ دونوں قائدین نے دوطرفہ تعلقات کو وسیع تر سطح تک بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ مودی اور مہاما کی ملاقات کے دوران فن، موسیقی، رقص، ادب اور ورثے میں ثقافتی تفہیم اور تبادلے کو فروغ دینے پر بھی زور دیاگیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان روایتی ادویات کی تعلیم، تربیت اور تحقیق میں تعاون کا معاہدہ پر بھی دستخط کئے گئے۔ اس دوران وزارت خارجہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کے گھانا دورہ کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا۔ حکومت نے اس دورے کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مودی کے گھانا دورے سے کئی اہم نتائج حاصل ہوئے ہیں۔
اس دوران وزیراعظم نریندر مودی کے گھانا دورہ پر وزارت خارجہ نے ایک پریس کانفرنس کی۔ وزارت خارجہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کے گھانا دورہ کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے گھانا دورے سے کئی اہم نتائج حاصل ہوئے ہیں۔وزارت خارجہ کے عہدیداروں نے کہاکہ بات چیت میں جہاں دوطرفہ تعلقات کا وسیع جائزہ لینے کا موقع ملا وہیں دونوں رہنماؤں نے تسلیم کیا کہ یہ ایک تاریخی دورہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان نے گھانا کو کئی شعبوں میں تعاون فراہم کرنے کا وعدہ کیاہے جس سے دونوں ممالک کے تجارت تعلقات میں بھی مزید گہرائی پیدا ہوگی۔