Thursday, April 03, 2025 | 05, 1446 شوال
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • وزیر اعظم مودی نے ناسا کی خلاباز سنیتا ولیمز کو خط لکھ کر ہندوستان آنے کی دی دعوت

وزیر اعظم مودی نے ناسا کی خلاباز سنیتا ولیمز کو خط لکھ کر ہندوستان آنے کی دی دعوت

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Mar 18, 2025 IST     

image
وزیر اعظم نریندر مودی نے ناسا کی خلاباز  سنیتا ولیمز کو خط لکھ کر انہیں ہندوستان آنے کی دعوت دی ہے۔ مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے ناسا کی خلاباز سنیتا ولیمز کو لکھے گئے خط کو شیئر کرتے ہوئے ٹویٹ کیا۔
 
وزیر اعظم نے خط میں لکھا، پوری دنیا سنیتا ولیمز کی بحفاظت واپسی کا انتظار کر رہی ہے۔ اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان کی اس بیٹی کے تئیں اپنی تشویش اور پیار کا اظہار کیا ہے۔ 
 
وزیر اعظم مودی نے اپنے خط میں لکھا کہ اگرچہ آپ ہزاروں میل دور ہیں،مگر  آپ ہمارے دل کے بہت قریب ہیں۔
 
پی ایم مودی نے خط میں لکھا، میں ہندوستان کے لوگوں کی طرف سے آپ کو اپنی نیک خواہشات بھیجتا ہوں۔ آج میں ایک تقریب میں مشہور خلاباز مائیک میسیمینو سے ملا۔ گفتگو کے دوران آپ کا نام آیا اور ہم نے اس بات پر تبادلہ خیال کیا کہ ہمیں آپ اور آپ کے کام پر بہت فخر ہے۔ اس  کے بعد میں آپ کو خط لکھنے سے خود کو روک نہیں سکا۔
 
پی ایم نے مزید لکھا کہ میں جب بھی صدر ٹرمپ یا صدر بائیڈن کے دورہ امریکا کے دوران ملا تو میں نے ہمیشہ آپ کی خیریت دریافت کی۔
 
پی ایم نے خط میں لکھا کہ 1.4 بلین ہندوستانیوں کو ہمیشہ آپ کی کامیابیوں پر فخر رہا ہے۔ حالیہ پیش رفت نے ایک بار پھر آپ کی متاثر کن ثابت قدمی اور محنت کو اجاگر کیا ہے۔ ہزاروں میل دور ہونے کے باوجود آپ ہمارے دلوں کے بہت قریب ہیں۔ ہندوستان کے لوگ آپ کی اچھی صحت اور مشن کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔
 
مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ سنیتا ولیمز نے پوری دنیا کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ وہ 600 سے زائد دنوں کے بعد واپس آ رہی ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے اور انھوں نے کامیابی سے اپنا کام مکمل کر لیا ہے۔ ہم سب ان کی بحفاظت واپسی کے لیے دعاگو ہیں۔ اور ہمیں ان پر فخر بھی ہے۔ بہت خوش کن اتفاق یہ ہے کہ آج وزیر اعظم مودی نے پارلیمنٹ میں مہا کمبھ پر بیان دیا اور اتفاق سے سنیتا نے بھی کمبھ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ان کے اور ہندوستان کے درمیان اور یقیناً گجرات کے ساتھ بہت گہرا تعلق ہے۔ یہ اس بات کا بھی اشارہ ہے کہ ہندوستان سے باہر زیادہ تر خلائی ایجنسیاں، بشمول ناسا، اب اپنے زیادہ تر اہم مشن ہندوستانیوں کی قیادت میں کر رہی ہیں۔